اسلامی ریڈیو اور ٹی وی چینلوں کی یونین کا آٹھواں اجلاس

اسلامی ریڈیو اور ٹی وی چینلوں کی یونین کا آٹھواں اجلاس “پیغمبر رحمت اور استقامت کے ذرائع ابلاغ کی ذمہ داری” کے زیر عنوان تہران میں شروع ہو گیا ہے۔

تہران میں “پیغمبر رحمت اور استقامت کے ذرائع ابلاغ کی ذمہ داری” کے زیر عنوان شروع ہونے والے اسلامی ریڈیو اور ٹی وی چینلوں کی یونین کے آٹھویں اجلاس میں پینتیس ممالک کی شخصیات شریک ہیں۔ میڈیا ٹیکنالوجی کی نمائش کا افتتاح، “پاکیزہ ذرائع ابلاغ، پاکیزہ پروڈکشن” کے نعرے کے ساتھ پاکیزہ میڈیا برانڈ اور یو نیوز خبر رساں ایجنسی کا افتتاح اس اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ اسلامی ریڈیو اور ٹی وی چینلوں کی یونین کے آٹھویں اجلاس کے موقع پر “اتحاد” کے نام سے اسلامی فلم مارکیٹ فیسٹول کا انعقاد بھی عمل لایا گیا ہے۔ جس کا مقصد عالم اسلام کے ذرائع ابلاغ کی صلاحیتوں کو متعارف کرانے کے مقصد سے صاف ستھرے ذرائع ابلاغ کی پروڈکشن کو پیش کرنا ہے۔ اسلامی ریڈیو اور ٹی وی چینلوں کی یونین کا قیام اسلامی جمہوریہ ایران کی تجویز پر عمل میں لایا گیا۔ اس یونین کے قیام کا مقصد بین الاقوامی ذرائع ابلاغ پر تسلط پسند طاقتوں کی اجارہ داری کا خاتمہ کرنا ہے۔ اس یونین کے دو سو بیس سے زیادہ ارکان ہیں۔ حزب اللہ کے نائب سربراہ شیخ نعیم قاسم نے تہران میں اس یونین کے آٹھویں اجلاس میں کہا ہے کہ سامراجی ممالک فرقہ واریت پھیلا کر خطے کی دولت اور قدرتی ذخائر کی لوٹ مار کرنا چاہتے ہیں۔ شیخ نعیم قاسم نے تسلط کے نظام کی جانب سے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے دشمن کے ذرائع ابلاغ کی غلط اور بے بنیاد خبروں کا مقابلہ کرنے اور حقیقت پر مبنی خبریں منظر عام پر لانے کو اسلامی ریڈیو اور ٹی وی چینلوں کی یونین کا ایک اہم مقصد قرار دیا۔ عراق کے حکومت قانون اتحاد کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم نوری مالکی نے اسلامی ریڈیو اور ٹی وی چینلوں کی یونین کے آٹھویں اجلاس کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ موجودہ دور میں اسلامی ممالک کو جن مشکلات اور چیلنجوں کا سامنا ہے ان کا مقابلہ ذرائع ابلاغ کے ذریعے ہی کیا جا سکتا ہے۔ نوری مالکی نے مزید کہا کہ ذرائع ابلاغ پیغام پہنچانے کے سلسلے میں گرانقدر کردار کے حامل ہیں اور اسلامی ریڈیو اور ٹی وی چینلوں کی یونین کے اراکین کے کاندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور ان کا فرض ہے کہ وہ اسلامی عدل و انصاف کا پیغام دنیا تک پہنچائیں۔ نوری مالکی نے اسلام کے عدل و انصاف پر مبنی پیغام کو اتحاد اور وحدت برقرار کرنے والا پیغام قرار دیا۔

تبصرے
Loading...