کشمیر میں اپنی نوعیت کی منفرد ’’حجاب کیمپین‘‘ کا اہتمام

اہلبیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا۔  ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں اپنی نوعیت کی منفرد ” حجاب کیمپین ” کا اہتمام کیا گیا۔ ” میں با حجاب ہوں ” نامی اس کیمپین کا اہتمام انٹرنیشنل مسلم یونٹی کونسل نے کیا تھا جس کے تحت سرینگر میں راہ چلتی باحجاب طالبات کو مختلف انعامات سے نوازا گیا اور  با حجاب رہنے پر انکی حوصلہ افزائی کی گئی۔ انٹر نیشنل مسلم یونٹی کونسل سے وابستہ خواہران نے راہ چلتی باحجاب کالج طالبات اور دیگر عورتوں کو پھول، اسٹیکر،اسکارپ اور دیگر انعامات سے بھی نوازا تاکہ اس طرح دوسری لڑکیوں میں بھی حجاب پہننے کا رحجان پیدا ہو جائے۔ یہ وادی کشمیر میں اپنی نوعیت کی پہلی و منفرد ”حجاب کمپین” تھی جس کے ذریعے کونسل نے حجاب کی اہمیت و افادیت کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جسکو عوام اور معزز خواتین نے سراہا اور مختلف مقامات پر اسے انجام دینے کی دعوت بھی دی۔ انٹرنیشنل مسلم یونٹی کونسل کے جنرل سیکریٹری سید جاوید عباس رضوی نے اس موقع پر ابنا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مغرب اپنی ثقافت کے ذریعہ مسلم معاشرے سے حجاب کو ختم کرکے عریانیت عام کرنا چاہتاہے، وہ اپنی سازش کے ذریعہ مسلم خواتین کا تقدس پائمال کرنے کے درپے ہے۔ انہوں نے مزید بتایا وادی کشمیر اولیاء خدا کی سرزمین ہے یہاں پر بھی کچھ عرصے سے لڑکیوں میں بے حجابی کا اثر پیدا ہونے لگا ہے جس کو توڑ کرنے کے لئے کشمیر کی مقدس سرزمین پر آئندہ بھی اسلامی حجاب کی اہمیت اور افادیت کے پیش نظر مختلف مقامات، اسکول ،کالج اور دانشگاہوں میں”حجاب کمپین” جاری رکھی جائے گے۔ کیمپین میں شریک با حجاب طالبات کا کہنا تھا کہ حجاب کے حوالے سے آگہی فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ہمارے مسلم معاشرے سے بے حجابی و بے پردگی کامکمل طور پر خاتمہ ہوسکے۔

تبصرے
Loading...