قبروں کی زیارت :

 

پیغمبر خدا  اور ائمہ اطہار  کے مزارات مقدسہ کی زیارت پر زیادہ توجہ امامیہ شیعوں کی خصوصیات میں داخل ہے کیونکہ شیعہ ان مزارات کا غیر معمولی احترام کرتے ہیں اور ان کے لیے پرشکوہ اور بڑی بڑی عمارتیں بنواتے ہیں اور اس کام کے لیے اعتقاد اور گہرے لگاؤ کے باعث تھوڑی اور بہت دولت خرچ کرنے سے دریغ نہیں کرتے۔

شیعہ یہ احترام اور تعظیم ائمّہ اطہار  کے طریقوں اور سفارشوں کے مطابق کرتے ہیں کیونکہ ان حضرات نے ان مزارات کی زیارت کے لیے شیعوں کو بہت وصیتیں کی ہیں اور وہ خدا کے یہاں سے بہت بڑے صلے پانے کی خاطر شیعوں کو ان زیارتوں کی ترغیب دیتے تھے اور اس عمل کو واجب عبادتوں کے بعد بہترین عبادتی اور خدا کے نزدیک ہونے کے وسیلے سمجھتے تھے وہ ان مزارات کے پہلو کو خدا کی طرف خالص توجہ دینے اور دعا کے قبول ہونے کے لیے بہترین مقام بتاتے تھے، وہ تو یہاں تک بتاتے تھے کہ ان قبروں کی زیارت اور تعظیم ائمہ اطہار ؑ سے شیعوں کے عہد وفاداری کی تکمیل کرتی ہے، جیسا کہ امام رضا  نے فرمایا ہے :

لِکُلِّ اِمَامٍ عَھدًا فِی عُنُقِ اَولِیَآئِہِ وَشِیَعتِہِ وَاِنَّ مِن واِنَّ مِن تَمَامِ الوَفَاءِ بِالعَھدِ وَحُسنِ الاَدَآءِ زِیَارَۃَ قُبُورِھِم فَمَن زَارَھُم رَغبَۃً فِی زِیَارَتِھِم وَتَصدِیقاً بِمَا رَغِبُوا فِیہِ کَانَ اَئِمَّتُھُم شُفَعَآئَھُم یَومَ القِیَامَۃِ :۔ ہر امام سے اس کے شیعوں اور دوستوں کا ایک معاہدہ ہوتا ہے انہیں کاموں میں سے جو اس معاہدے کی بخوبی تکمیل کرتے ہیں، ائمہ اطہار  کے مزارات کی زیارت بھی ہے، جو شخص شوق سے اماموں کے مزارات کی زیارت کرتا ہے اور اس زیارت میں ائمّہ اطہار کے مقاصد کی طرف دھیان رکھتا ہے قیامت کے دن ائمَّہ  اس کی بخشش کی سفارش کریں گے۔ (محمد بن قولویہ : کامل الزیارات صفحہ ۱۲۲ )

ان قبروں کی زیارت پر ائمّہ اطہار کی خاص توجہ اور خاص عنایت اس وجہ سے کہ اس کے ضمن میں بہت سے دینی اور دینوی فائدے حاصل ہوتے ہیں اور وہ یہ ہیں:

ائمہ اطہار ؑ اور ان کے شیعوں کے درمیان زیادہ دوستی اورمحبت کا تعلق پیدا ہوجاتا ہے۔

دلوں میں ائمہ اطہار  کی خوبیوں ، اچھی عادتوں اور خدا کے لیے ان کے جہاد کی یاد تازہ ہوجاتی ہے۔

(خاص طور پر) زیارت کے دنوں میں دنیا کے مختلف گوشوں سے آئے ہوئے مسلمان جب روضہ امام کے اطراف میں جمع ہوتے ہیں تو وہ آپس میں ایک دوسرے سے واقف ہوجاتے ہیں اور باہم محبت کرنے لگتے ہیں اور اس طریقے سے خدا کی فرماں برداری اور اطاعت کا جذبہ اور خدا کے احکام کی بجا آوری میں خلوص زیارت کرنے والوں کے دلوں میں باہم گندھ جاتے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ زیارتوں کی ا بلیغ عبارتوں کے پردے میں جو اہلبیت کی طرف سے ہم تک پہنچی ہیں توحید کی حقیقت، اسلام کی طہارت اور پاکیزگی اور حضرت محمد  کی رسالت کا اقرار دہرایا جاتا ہے اور جو کچھ ہر مسلمان کا فرض واجب ہے مثلاً بلند اور پختہ اخلاق، کائنات کے منتظم (خدا) کے آگے عاجزی اور تعظیم اور اس کی نعمتوں اور بخششوں کی شکر گزاری زائروں میں ابھر آتی ہیں،

اس لحاظ سے زیارتوں کا پڑھنا بھی وہی اثر رکھتا ہے جو ائمہ اطہار سے منقول دعائی رکھتی ہیں (جیسا کہ پہلے بتایا جاچکا ہے) بلکہ ان میں سے کچھ تو نہایت بلیغ اور بلند رتبہ دعاؤں میں شامل ہی مثلاً زیارت امین اللہ جو امام زین العابدین  نے اپنے دادا حضرت علی  کی قبر کے پہلو میں زیارت کے وقت پڑھی ہے۔

ایک لحاظ سے یہ زیارتیں جو ائمہ اطہار  سے ہم تک پہنچی ہیں اماموں کے مراتب، خدا کی محبت، دین کے کلمے کی بلندی کے لیے ان کی قربانیوں اور خدا کی بارگاہ میں ان کی پرخلوص اطاعتوں کو مجسم کر دیتی ہیں، یہ زیارتیں عربی کے چمکیلے اسالیب اور بڑی فصاحت کے ساتھ ایسی عبارتوں میں ملتی ہیں جن کا مطلب سمجھ لینا عام اور خاص سب لوگوں کے لیے آسان ہے اور توحید کے مطالب اور اس کی باریکیوں کی تشریح ، خدا سے دعا اور اس سے لو لگانے کے بیان پر مشتمل ہیں۔

 

واقعی قرآن ، نہج البلاغہ اور ان دعاؤں کے بعد جو اماموں سے ہم تک چلی آرہی ہیں یہ زیارتیں دین کے اعلیٰ ترین ادب ہے کیونکہ ان میں ائمہ اطہار  کی تعلیمات کا نچوڑ اور خلاصہ ملتا ہے اور دینی اور اخلاقی معاملات سے متعلق ان کے اصول جھلکتے ہیں۔

زیارت کے آداب :۔

دوسری طرف سے دیکھیے تو جو آداب ان مزارات کی زیارت کرنے کے لیے مقرر کیے گئے ہیں وہ ان تعلیمات اور اشارات کو واضح کرتے ہیں جو دین کے ایسے اعلیٰ معانی اور مطالب حاصل کرنے پر زور دیتے ہیں جیسے مسلمانوں کا روحانی درجہ بلند کرنا، ان میں کمزور پر مہربانی کرنے کا جذبہ پیدا کرنا ، سماجی زندگی سے تعلق اور چلن میں حسن معاشرت اور رعایت اخلاق پر انہیں آمادہ کرنا اس وجہ سے ان میں سے کچھ زیارت کے بیچ میں اور کچھ زیارت کے بعد پورے کرنا چائیں۔

ہم اس جگہ ان میں سے کچھ آداب بیان کرتے ہیں تاکہ ان زیارتوں کے مقاصد واضح ہوجائیں۔

۱۔ آداب زیارت میں سے ایک یہ ہے کہ زائر زیارت شروع کرنے سے پہلے نہائے اور اپنے آپ کو پاک صاف کرے اس کام کا فائدہ جو ہم سمجھتے ہیں بہت واضح ہے اور وہ یہ ہے کہ غسل انسان کے جسم کو غلاظتو اور گندگیوں سے پاک کرتا ہے ، بدن کو بہت سی بیماریوں سے اور دوسرے آدمیوں کو اس کے بدن کی بدبو سے پریشان ہونے سے بچاتا ہے (نوٹ، امیرالمومنین امام علی فرماتے ہیں، اپنے بدن کو پانی کے وسیلے سے بدبو سے بچاؤ اور ہمیشہ یہ کام کرتے رہو، خدا ایسے لوگوں کو دشمن رکھتا ہے جن کے بدن کی بدبو سے دوسرے پریشان ہوتے ہیں۔ (تحف العقول صفحہ ۲۴)

اسی طرح غسل روح اور باطن کی گندگی سے بھی طہارت کا سبب ہوتا ، (ثبوت یہ ہے کہ ) روایت کے مطابق اور ائمہ اطہار کے دستور کے مطابق زائر عمل سے پہلے یہ دعا پڑھے تاکہ زیارت کے بلند مقاصد سے آگاہ ہوجائے۔

اَللَّھُمَّ اجعَل لِّی نَوراً وَحَرِّزاً کَافِیاًمِّن کُلِّ دَآعٍ وَّسُقمٍ وَمِن کُلِّ آفَۃٍ وَعَاھَۃٍ وَطَھِّر بِہِ قَلبِی وَجَوَارِ حِی وَعِظَامِی وَلَحمِی وَدَمِی وَشَعرِی وَبَشَرِی وَمُخِّی وَعَظمِی وَمَآ اَقَلتُ الاَرضَ مِنِّی وَاجعَل لِی شَاھِداً یَومَ حَاجَتِی وَفَقرِی وَفَاقَتِی :۔ اے خدا ! اس غسل کو میرے لیے روشنی اور طہارت کا سبب اور ہر دکھ، درد اور ہر مصیب اور دشواری کی روک کے لیے ایک مناسب ڈھال بنا دے اور میرے دل ، اعضاء ہڈیوں ، گوشت ، خون، بال ، کھال ، گودے اور نسوں کو (اس غسل کی بدولت) پاک کر اور اسے اس دن (یعنی قیامت کے دن) جو میری حاجت ، تہی دستی اور بیچارگی کا دن ہوگا میرا گواہ بنادے۔

۲۔ زیارت کے دیگر آداب میں سے ایک یہ ہے کہ زائر اپنا سب سے اچھا اور سب سے پاکیزہ لباس پہنے، عام مجمعوں میں صاف ہے اور اچھے کپڑے پہننا لوگوں میں محبت اور دوستی کا سبب ہوتا ہے اور انہیں ایک دوسرے سے قریب کردیتا ہے ۔ اس کے علاوہ یہ کام عزت نفس میں بھی اضافہ کرتا ہے اور ان رسوم کی جن میں شرکت کرتے ہیں اہمیت معلوم ہونے کا بھی ذریعہ ہوتا ہے۔

یہ دھیان رہے کہ اس اصول کا یہ مقصد نہیں ہے کہ زائر سب لوگوں سے اچھا لباس پہنے بلکہ مقصد یہ ہے کہ زائر کے پاس جو کپڑے ہیں ان میں سے اچھے کپڑے پہنے کیونکہ ہر شخص بہترین لباس مہیا کرنے کی طاقت نہیں رکھتا اور اس میں مفلسوں کو سخت مجبوری آپڑے گی اور یہ بات مہربانی اور شفقت کے خلاف ہے اسی وجہ سے جسموں کی زیب اور زینت کرتے وقت فقریروں اور محتاجوں کو نظر میں رکھنا چاہیے۔

 

۳۔ ایک ادب یہ ہے کہ جہاں تک ہوسکے زائر اپنے کپڑوں میں خوشبو لگائے اور اس کا فائدہ اور اثر بھی اچھا لباس پہننے کے فائدے اور اثر کی طرح ہے جیسا کہ بیان کیا گیا۔

۴۔ جتنا ہوسکے فقیروں اور مفلسوں کی مدد کرے، ان مراسم میں محتاجوں پر صدقے اور خیرات کا اثر ظاہر ہے کیونکہ اس کام سے بھی بے آسرا اور مجبور لوگوں کی مدد کرکے زائر میں امداد اور غریب نوازی کا جذبہ پرورش پاتا ہے۔

۵۔ زیارت کا ایک ادب یہ بھی ہے کہ زیارت گاہ کی طرف نہایت وقار اور آہستہ روی سے جائے اور اس طرح جائے کہ غیر شرعی مناظر کے دیکھنے سے آنکھیں بند کرلے ۔ ظاہر ہے کہ اس قاعدے پر عمل حرم، زیارت اور زیارت کرنے والے کی عزت اور تعظیم اور خدا کی طرف خالص توجہ کا سبب ہوتا ہے اس کے علاوہ آنے جانے والوں کے لیے رکاوٹ پیدا نہیں ہوتی اور دوسروں کی بے ادبی بھی نہیں ہوتی۔

۶۔ زیارت کے آداب میں سے یہ بھی ہے کہ زیارت کے وقت جہاں تک ہوسکے اللہ اکبر کا جملہ دہراتا رہے۔ بعض زیارتوں میں سو بار دہرانے کو کہا گیا ہے اس دستور کا نتیجہ یہ ہے کہ انسان کی روح خدا کی بڑائی کی طرف متوجہ ہوتی ہے اور یہ احساس ہوتا ہے کہ کوئی چیز اس سے بڑی نہیں ہے زیارت خدا کی عبادت، احترام اور تسبیح و تقدیس کے علاوہ کچھ نہیں اور اس کا مقصد صرف یہ ہے کہ خدا کہ نشانیوں اور شعائر کو زندہ کرکے اس کے قانون کی پیروی کی جائے۔

۷۔ زیارت کے آداب میں سے یہ بھی ہے کہ پیغمبرخد  یا امام  کے مزار کے زیارت کرنے کے بعد زائر کم از کم دو رکعت نماز پڑھے اور اس طرح خدا کی عبادت اور شکر ادا کرے کہ اس نے زیارت کی توفیق دی اور اس نماز کا ثواب جس مزار کی زیارت کی ہے اس کے مالک کی روح کو ہدیہ کیاجاتا ہے۔

اس کے ساتھ زائر جو دعا اس نماز کے بعد پڑھتا ہے وہ اسے دھیان دلاتی ہے کہ اس کی یہ نماز اور یہ عمل صرف ایک خدا کے لیے ہے وہ غیر خدا کی عبادت نہیں کرتا ہے اور یہ زیارت صرف خدا کا قرب حاصل کرنے کے لیے کی گئی ہے۔ اور وہ اس دعا میں پڑھتا ہے:

اَللّٰھُمَّ لَکَ صَلَّیتُ وَلَکَ رَکَعتُ وَلَکَ سَجَدتُّ وَحدَکَ لاَ شَرِیکَ لَکَ لاِنَّہُ لاَ تَکُونُ الصَّلوٰۃُ وَالرُّکُوعُ وَالسُّجُوڈُ اِلاَّ لَکَ لِاَنَّکَ اَنتَ اللہُ لآ اِلٰہَ اِلاَّ اَنتَ ۔ اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّاٰلِ مُحَمَّدٍ وَتَقَبَّل مِنِّی زِیَارَتِی وَاَعطِنِی سُؤلِی بِمُحَمَّدٍ وَّاِلِہِ الطّاھِرِینَ ۔ اے خدا ! میں نے صرف تیرے لیے نماز پڑھی ہے اور رکوع اور سجدہ کیا ہے ۔ تو ایک ہے اور تیرا کوئی شریک نہیں ہے اس لیے نماز، رکوع اور سجدہ تیرے سوا کسی اور کے لیے نہیں ہے کیونکہ تو ہی خدا ہے، تیرے سوا کوئی خدا نہیں ہے۔

اے خدا ! محمد  اور آل محمد  پر درود بھیج، میری زیارت قبول کر اور میری حاجت محمد  اور آل محمد  کے صدقے میں پوری کر جو پاک اور طاہر ہیں۔

یہ قاعدہ مزارات کی زیارت سے ائمہ اطہار  اور ان کے شیعوں کے مقصد کو ظاہر کرتا ہے اور ان لوگوں کے لیے منہ توڑ جواب ہے جو یہ خیال کرتے ہیں کہ قبروں کی زیارت شیعوں کے نزدیک قبروں کی پرستش ، قبروں کی نزدیکی اور خدا کے ساتھ شرک ہے۔

غالباً ایسے خیال پرستوں کا اعتراض اس لیے کہ (ان دم بازیوں سے) لوگوں کو شیعوں کے ان مفید او۴ر شاندار اجتماعات سے الگ رکھیں، کیونکہ دراصل یہ اجتماعات اہل بیت کے دشمنوں کی آنکھوں میں کانٹے کی طرح کھٹکتے ہیں ورنہ میں نہیں سمجھتا کہ انہیں زیارت کے اس دستور سے اہل  کے اعلیٰ مقاصد کا پتا نہیں لگا ہوگا۔

یہ بزرگ انسان جو نہایت خلوص سے خدا کی عبادت کرتے تھے اور دین کی خاطر اپنی جانیں تک فدا کر دیتے تھے کیا وہ لوگوں کو خدا کی عبادت میں شرک کی دعوت دیتے ہیں؟ ہرگز نہیں۔

۸۔ زیارت کا ایک اور ادب یہ ہے کہ زائر اپنے پاس بیٹھنے والوں کے ساتھ اچھے برتاؤ کا مظاہرہ کرے ، بات کم کرے اور جو بات کرے وہ مفید ہو، نیز بیشتر خدا کی یاد میں مشغول رہے۔

(نوٹ، خدا کو یاد کرنے سے یہ مراد نہیں کہ کثرت سے سبحان اللہ لا الہ الا اللہ اللہ اکبر کہا جائے بلکہ مقصد وہ ہے جیسا کہ امام جعفر صادق  نے بعض احادیث کے مطابق بہت زیادہ خدا کی یاد میں رہنے کی تفسیر میں فرمایا اور یہ وضاحت کی : مقصد سبحان اللہ لا الہ الا اللہ اور اللہ اکبر کہنا نہیں ہے اگرچہ یہ بھی خدا کی یاد کی مثالیں ہیں بلکہ ذکر خدا کا مطلب یہ ہے کہ انسان اچھائی کی طرف راغب ہو اور برائی سے بچے ۔ (محمد بن قولویہ : کامل الزیارات) اس میں عاجزی ہو، بہت سی نمازیں پڑھے اور محمد  اور آل محمد  پر زیادہ سے زیادہ درود بھیجے، آنکھوں سے اشارے نہ کرے، غریب بھائیوں اور دوستو کی مدد کرے اور خود ان سے درگزر کرے۔ جن باتوں سے منع کیا گیا ہے ان سے اور دشمنی کرنے سے دور رہے

اور بہت زیادہ قسم کھانے اور ایسے لڑائی جھگڑے سے جس میں قسم کھانا پڑتی ہو پرہیز کرے۔

دوسری بات یہ ہے کہ زیارت کی حقیقت کا مطلب پیغمبر خدا  یا امام پر اس سلام بھیجنا ہے جیسے وہ لوگ زندہ ہیں اور خدا کے یہاں سے رزق پاتے ہیں، (سورہ آل عمران ۔ آیت ۱۶۹)

فرشہ موت کا چھوتا ہے گو بدن تیرا

تیرے وجود کے مرکز سے دور رہتا ہے

(اقبال)

وہ زائرو کی باتیں سنتے ہی اور ان کا جواب دیتے ہیں یہی کافی ہے کہ زائر پیغمبر خدا ﷺ کی زیارت میں کہے :

 

اَلسَّلامُ عَلَیکَ یَارَسُول اللہِ

اے خدا کے پیغمبر ! آپ پر سلام ہو۔

البتہ بہتر یہ ہے کہ اہل بیت  کی طرف سے اس ضمن میں جو زیارتیں تعلیم کی گئی ہیں وہ بلند مقاصد کی طرف دھیا دینے کے لیے، دینی فائدوں اور ان تاثیروں کے لیے جو وہ رکھتی ہیں اور جن کا پہلے ذکر کیا جاچکا ہے، ان کی سلیس عبارتوں، فصاحت اور بلاغت پر غور کرنے کے لیے اور ان کے ایسی دعاوں پر مشتمل ہونے کے باعث جو بہت بلند ہیں، غور و فکر اور اہمیت کے لائق ہیں اور انسان کو ایک بے مثل خدا کی طرف متوجہ کرتی ہی ، پڑھتی جائیں۔

ائمہ اطہار  کی نظر میں سچا شعیہ :

جب ائمہ اہل بیت اسلامی حکومت کی باگ ڈور اپنےہاتھوں میں لینے سے محروم کردیے گئے تو انہوں نے اپنی پوری توجہ اور تدبیر صحیح معنوں میں مسلمانوں کے اخلاق کی درستی، پرورش اور تربیت پر لگا دی جیسا کہ خدا نے ان سے چاہا تھا۔ انہوں نے ایسے تمام لوگوں کی تربیت کا انتظام کیا جو اہل بیت رسول سے تعلق رکھتے تھے اور ائمہ کے بھروسے کے تھے۔ انہوں نے انتہائی کوشش کی کہ ان لوگوں کو اسلام کے تمام احکام، قوانین اور حقائق و معارف سکھائیں اور انہیں نفع و نقصان کی باتوں سے آگاہ کریں۔

وہ ہر ایک کو شیعہ یا اپنا پیرو نہیں سمجھتے ، ان کی نظر میں شیعہ وہ تھا جو ہر لحاظ سے خدا کے حکم کا تابع اور نفسانی خواہشات سے بچنے والا ہو اور رہبروں کی تعلیمات اور رہنمائیوں پر عامل ہو۔ اس آدمی کی طرح جو گناہ اور خواہشات میں ڈوبا ہوا ہے اور چاہتا ہے کہ ائمہ  سے محبت اور دوستی کو اپنے عذر کے طور پر منتخب کرے۔ وہ بخشش کے لیے صرف ائمہ ؑ سے دوستی کافی نہیں سمجھتے تھے جب تک وہ نیک کرداری، درستی، امانت اور پرہیزگاری سے ملی ہوئی نہ ہو۔

خیثمہ کہتے ہیں کہ میں امام باقر  کی خدمت میں حاضر ہوا کہ آپ کو الوداع کہوں۔ آپ نے مجھ سے فرمایا :

یَا خَیثَمَۃُ ! اَبلِغ مَوَالِیَنَا اِنَّا لاَ نُغنِی عَنھُم مِنَ اللہِ شَیئاً اِلاّبِعَمَلٍ وَاَنَّھُم لَن یَّنَالُوا وَلاَ یَتَنَا اِلاَّ بِالوَرَعِ وَاِنَّ اَشَدَّ النَّاسِ حَسرَۃً یَومَ القِیَامَۃِ مَن وَصَفَ عَدلاً ثُمَّ خَالَفَہُ اِلیٰ غَیرِہ :۔ اے خیثمہ ! ہمارے دوستوں سے (ہمارا یہ پیام) کہنا کہ ہم صرف ان کے نیک عمل کی ہی بدولت خدا کی طرف سے ان کی نجات کا انتظام کرواسکتے ہیں، وہ لوگ یقینی طور پر تقویٰ اور پرہیزگاری ہی سے ہماری دوستی اور محبت پاسکتے ہیں قیامت کے د سب سے زیادہ وہ شخص پچھتائے گا جس نے دوسرو کے لیے تو عدالت کی تعریف کی اور خوبیاں بیان کیں لیکن خود اس کی مخالفت کی یعنی خود عدالت سے کام نہیں لیا ۔

(نوٹ ، اصول کافی جلد دوم صفحہ ۱۷۶ باب زیارت اخوان)

بلکہ شیعوں کے رہنماؤں نے اپنے ماننے والوں سے عمل چاہا ہے کیونکہ وہ ہمیشہ خدا کی طرف بلانے والے اور خوشحالی کی راہ دکھانے والے ہیں اور نیکیوں کی ہدایت کرتے ہیں، ائمہ اطہار  کے نقطہ نظر سے عملی ترغیب زبانی ترغیب سے زیادہ اثر رکھتی ہے۔

امام جعفر صادق  فرماتے ہیں :

کُونُوا دُعَاۃً لِّلنَّاسِ بِغَیرِ اَلسِنَتِکُم لِیَرَوا مِنکُمُ الوَرَعَ وَالاِجتِھَادَ وَالصَّلاَۃَ وَالخَیرَ :۔ تم لوگوں کو اپنی زبانوں کے بغیر (یعنی عمل سے ) خدا کی طرف بلاؤ اور رہنمائی کرو۔ انہیں چاہیے کہ وہ تمہارا تقویٰ ، کوشش ، نماز اور نیک کام دیکھیں۔(نوٹ ، اصول کافی جلد دوم صفحہ ۷۸ باب ورع)

اب ہم اس جگہ ائمہ اطہار کی ان گفتگوؤں کے کچھ حصے جو انہوں نے اپنے ماننے والوں سے کی ہیں پیش کرتے ہیں تاکہ یہ ظاہر ہوجائے کہ یہ محترم ہستیا لوگوں کی عادتیں سدھارنے کے لیے ترغیب و تاکید کو کتنی اہمیت دیتی ہیں۔

امام باقر  کی جابر جعفی سے گفتگو:

اے جابر ! کیا اس شخص کا جو شیعہ ہونے کا دعوی کرتا ہے یہ کہنا کافی ہے کہ اہل بیت ا سے محبت کرتا ہوں؟ خدا کی قسم ہمارا شیعہ وہی ہے جو پرہیز گار ہو اور خدا کی اطاعت کرتا ہو۔

ہمارے شیعوں کو ان صفات سے پہچاننا:

عاجزی اور انکساری والے ہیں۔

امامنت دار ہیں۔

خدا کو بہت یاد کرتے ہیں۔

نماز، روزے کے پابند ہیں۔

ماں باپ کی عزت کرتے ہیں۔

پڑوسیوں، غریبوں، حاجت مندوں، قرض داروں اور یتیموں پر مہربانی کرتے ہیں۔

سچ بولتے ہیں۔

قرآن کی تلاوت کرتے ہیں۔

زبان سے لوگوں کی نیکیاں بیان کرتے ہیں۔

اور اپنے رشتہ داروں کی ہر شے کے امانت دار ہیں۔

خدا کے حضور میں پرہیزگار بنو، خدا کا انعام حاصل کرنے کے لیے نیک عمل کرو، خدا کی کسی سے رشتہ داری نہیں ہے، خدا کی درگارہ میں سب سے پیارا بندہ وہ ہے جو تقویٰ اور اطاعت میں سب سے بڑھا ہوا ہے۔

(نوٹ، امیرالمومنین  نے نہج البلاغہ کے ایک خطبے میں جو خطبہ قاصعہ کے نام سے مشہور ہے اس بات کی طرف اشارہ کیا ہے وہ فرماتے ہیں۔خدا کا حکم آسمان اور زمین والوں کے لیے ایک ہی ہے خدا نے جو چیزیں سب کے لیے حرام کر دی ہیں ان کے لیے کسی ایک شخص کو بھی چھوٹ نہیں دی جس سے اس کے مضبوط قانون پر چوٹ پڑے)۔

اے جابر! خدا کی قسم آدمی صرف اطاعت سے ہی خدا کی نزدیکی حاصل کرسکتا ہے اور ہمارے پاس دوزخ کی آگ سے آزادی کا پروانہ نہیں ہے اب اگر کوئی شخص اللہ کی اطاعت نہیں کرتا وہ خدا کے سامنے عمل نہ کرنے کا عذر نہیں رکھتا۔ جو خدا کی اطاعت کرتا ہے وہ ہمارا دوست ہے اور جو خدا کے حکم سے منہ موڑتا ہے وہ ہمارا دشمن ہے لوگ صرف نیک عمل اور پرہیزگاری ہی سے ہماری ولایت اور دوستی تک پہنچ سکتے ہیں۔

(نوٹ، اصول کافی جلد دوم صفحہ ۷۴ باب طاعت و تقویٰ)

 

تبصرے
Loading...