تشیع پر یلغار کا مقصد اسلام کے فروغ کا سلسلہ روکنا ہے

حضرت آیت‌اللہ سبحانی؛

 تشیع پر یلغار کا مقصد اسلام کے فروغ کا سلسلہ روکنا ہے

 حضرت آیت اللہ سبحانی نے کہا ہے کہ اسلام دشمن قوتوں نے اسلام کے فروغ کا سد باب کرنے کے مقصد سے تشیع اور اسلام جمہوریہ ایران پر یلغار کررکھی ہے۔

 اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق آیت اللہ جعفر سبحانی نے حال ہی میں چھپنے والے ماہنامے “درس ہائی از مکتب اسلام” میں شائع ہونے والے ایک مضمون بعنوان “تشیع تاریخ کی گذرگاہ میں” میں تاریخ میں شیعیان اہل بیت علیہم السلام پر روشنی ڈالتے ہوئے لکھا ہے کہ ایران کا انقلاب اسلامی قرآن مجید اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم اور آپ (ص) کے خاندان پاک کی تعلیمات کی بنیاد پر استوار ہوا اور صدیوں کے بعد ایک الہی اور عوامی حکومت کی بنیاد رکھی گئی جس کا آئین اسلامی اصولوں کی بنیاد پر تدوین ہوا اور ثابت ہوا کہ اسلام حتی کہ بیسویں صدی میں بھی عوامی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت رکھنے والی دینی تعلیمات کی بنیاد پر حکومت قائم کرسکتا ہے اور اس کو تشکیل حکومت کے عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ 

انھوں نے لکھا ہے: اس طرح کی حکومت کی تأسیس نے مغرب میں بیٹھے اسلام کے ازلی دشمنوں کو شدید خوف و ہراس میں مبتلا کردیا اور انہیں تشویش لاحق ہوئی کہ کہیں یہ انقلاب دیگر اسلامی ممالک کے لئے بھی نمونہ عمل نہ ٹہرے اور نتیجتاً اسلامی سرزمین میں ان کی لوٹ کھسوٹ کا سلسلہ بند نہ ہوجائی؛ چنانچہ انھوں نے مختلف روشوں کے ذریعے اس حکومت کو متزلزل کرنے اور اس کی مضبوط بنیادوں کو اکھاڑ پھینکنے کی غرض سے سازشوں اور معاندانہ اقدامات کا سلسلہ شروع کیا اور ان تمام دشمنوں کی سازشیں آشکار ہوگئیں۔ 
انھوں نے تحریر کیا ہے: آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ، معاشی پابندیاں، سیٹلائٹ اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے تشہیراتی مہم، اہم شخصیات کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا و… مغربی سیاستدانوں کے کمینہ پن کی چھوٹی سی مثالیں ہیں۔ 
انھوں نے لکھا ہے: اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ اس اسلامی انقلاب کی بنیاد میں شیعہ تعلیمات کا کردار بنیادی رہا اسی لئے دشمنوں نے مخالفین کے زہر آلود قلم کے عوض بڑی رقوم ادا کرکے انہیں خرید لیا اور اب وہی لوگ دشمنان اسلام کے اہداف کے حصول کے لئے قلمفرسائی کرتے ہوئے شکوک و شبہات کھڑے کرتے ہیں اور تشہیراتی مہم چلارہے ہیں تا کہ شیعہ نوجوانوں کے ایمان کو متزلزل کرسکیں اسی بنا پر سینکڑوں سیٹلائٹ چینلز،اور دیگر ذرائع ابلاغ شب و روز مکتب اہل بیت علیہم السلام کے خلاف زہر اگلنے میں مصروف ہیں۔ 
جو کچھ آپ نے پڑھا حضرت آیت‌اللہ سبحانی کے مفصل مقالے کا دیباچہ تھا۔ انھوں نے لکھا ہے کہ اس مقالے کا مقصد تشیع کی اساس کی تشریح ہے اور اس مقالے میں تحریر کا اسلوب کچھ اس طرح سے ہوگا کہ پڑھنے والے کو تشیع کے اصول سمجھنے میں کسی قسم کی پیچیدگی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور اس طرح دشمنان اسلام کی طرف سے اٹھنے والے شبہات و اعتراضات کا بھی کافی و شافی جواب دیا جائے گا۔ 

تبصرے
Loading...