خان صاحب اورامریکہ مردہ باد !!!

عنوان: خان صاحب اورامریکہ مردہ باد !!!
تحریر: سویرا بتول

ایک صاحب کنٹینر کی سیاست کو دوبارہ سے زندہ کرتے ہوٸے نعرہ بلند کر رہے ہیں امریکہ کا جو یار ہے غدار ہے غدار ہے۔۔۔کیاجب یہ موصوف صاحبِ اقتدار تھے تو یہ نعرہ بلند کیا؟ اقتدار میں کس قدر امریکہ مخالف اقدامات کیے؟موصوف نے اقتدار سے پہلے یا اقتدار میں ہوتے ہوٸے کیا اس طرح امریکہ کی مخالفت کی جیسے اب کر رہے ہیں؟ Absolutely Not کا نعرہ تب بلند کرتے جب درحقیقت امریکہ اِن سےاڈے مانگتا جسکی نفی ڈجی آٸی ایس پی آر بھی اپنے بیان میں کر چکے ہیں۔حالیہ دنوں کی سیاست ملکی معیشت کو کس قدر نقصان پہچا سکتی اسکاانداز ہمیں شاید ابھی نہیں۔

ہم جب امریکہ مردہ باد کا نعرہ بلند کرتے تو اس سے مراد امریکی حکمران ہیں عوام نہیں۔
امریکہ مردہ باد کا مطلب ٹرمپ مردہ باد اور پمپئو مردہ باد ہے کیونکہ آج یہ امریکہ کے جابر اور ظالم حکمراں ہیں.خان صاحب کیا آپ آج ٹرمپ مردہ کہ سکتے؟ جبکہ آپ کے ماضی قریب میں ٹرمپ سے دیرینہ تعلقات بھی رہ چکے اور مسٹر ٹرمپ آپ کی دوستی پر فخربھی کرتے۔ مردہ باد امریکہ یعنی تمام صہیونی ریاستوں کو للکارنا،تمام جابر وظالم حکمراں کے خلاف علم بغاوت بلند کرنا یعنی مردہ باد اسراٸیل ،مردہ باد سعودیہ ۔۔۔کیا موصوف اتنی اخلاقی جرات رکھتے کہ مردہ باد سعودیہ کہ سکیں؟ کیا آج سعودیہ یمن پہ ظلم نہیں کر رہا؟یہ صہیونی ریاست کے تابع نہیں؟درحقیقت امریکا ایک شرارتی دشمن ہے جو کہ اسرائیل اور خطے کی دیگر رجعت پسند حکومتوں کے ساتھ متحد ہے۔‘‘ ان کے بقول ’’یمن اس کی ایک مثال ہے۔ سعودی حکومت جرم کرتی ہے اور امریکا ان کے جرم میں شریک ہے۔ آٸیے ہم آپ کو مردہ باد امریکہ کا مطلب بتاتےہیں اور آپ کو سیکھاتےہیں کہ کیسے صہیونیت کو للکارا جاتا۔

مردہ باد امریکہ یعنی کیا؟
مردہ باد امریکہ سے مراد امریکہ کی عوام نہیں ہیں بلکہ اس نعرے سے مراد وہ ظالم صہیونی حکمران ہیں۔ دنیا کے بڑے بڑے ظالم جو اس وقت امریکہ پر بھی حکومت کر رہے ہیں اور جو ساری برائیوں کی جڑ ہیں، جو سب ظالموں کے نمائندہ ہیں، ہم ان ظالموں کے خلاف یہ نعرہ لگاتے ہیں۔ مردہ باد امریکہ یعنی مردہ باد ظلم، مردہ باد وحشی گری، مردہ باد ظلم و بربریت، مردہ باد ضد اسلام و ضد انسانیت۔ اگر مسئلہ یہ ہے تو ہم آج بھی مردہ باد یزیدیت کا نعرہ تو لگا رہے ہیں اور یہ شیعت کا شعار ہے تو مردہ باد امریکہ بھی یہی چیز ہے۔(شہید عارف حسین الحسینی)

اب بتاٸیے آپ مردہ بادامریکہ سے کیساانقلاب لانا چاہتے؟ بلفرض اگر ابھی الیکشن ہوجاٸیں اور آپ صاحب اقتداربن جاٸیں تو کیا صہیونیت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کر سکتے؟ کیسے یقین دہانی کی جاٸے کہ آپ مردہ باد سعودیہ اور اسراٸیل کا نعرہ بلند کریں گے؟ ملک سے صہیونیت کے اثرورسوخ کو ختم کریں گے؟ ماضی میں معیشت کو پہچنے والے نقصان کی تلافی کریں گے؟ صہیونیت کا باٸیکاٹ کریں گے ؟ اس ساری صورتحال میں دیکھا گیا کہ شیعیت ایک بار پھر مردہ باد امریکہ کے دلفریب نعرے پہ کھڑے ہوگٸی ہماری مثال سادہ لوح موسی اشعری جیسے لوگوں کی ہے جو بآسانی جال میں آجاتے۔

خان صاحب کنٹینر کی سیاست کو زندہ کرنے سے پہلے ایک بار فکر کریں کہ کن وجوہات کی بنا پر آپ اقتدار کی کرسی سے اترے۔وہ کونسی خامیاں تھیں جن سے آپکوسیکھنا چاہیے تھا۔ امریکہ مردہ باد کے دلفریب نعروں کوسن کر جو اسے حق وباطل یا حسین ع اور یزید کی جنگ کہ رہے وہ بھی یاد رکھیے کہ یہ وہی صاحب تھے جنہوں نے مظلومین ہزارہ کو بلیک میلر کہا۔شہداکے ورثا سردی میں کانپتے رہے مگر حضرت کا غرور نہ ٹوٹا اور وہ نہیں آٸے۔ملکی املاک کو نقصان پہچانے اور کنٹینر کیطرف ملک کودوبارہ دھکیلنے سے پہلے اپنی خامیاں دیکھے کہ کیا وجوہات تھی جوقریبی احباب بھی ساتھ چھوڑ گٸے۔؟

یہاں ہمارے علما کا کردار قابلِ تذکر ہے، ہمارا مودبانہ سوال ہے کہ انقلابی شخصيات کو ایک سیکولر ریاست کے خواہاں شخص کے ہاتھ بیچ کر آپ دین کی کونسی خدمت کر رہے ہیں؟
کس انقلاب کے خواہشمند ہیں؟ کیا یہی ہے شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی اور شہید عارف حسین الحسینی کے لہو سے وفاداری؟کیا تشیع اسلام اس قدر لاوارث ہے کہ آپ کی کھوکھلی سیاسی بصیرت کی نذر کر دی جاٸے؟خان صاحب کے دلفریب امریکہ مردہ باد کے نعروں پر یقین کرتے ہوٸے اپنے وفد کے ہمراہ ملاقاتیں کرتے وقت یہ یاد رکھیے کہ ابھی مظلومین ہزارہ کا لہو خشک نہیں ہوا، یاد رہے یکساں قومی نصاب کے نام پر اہل بیت ع کی تعلیمات کو نکالا گیا ہے۔کیا خان صاحب صہیونیت کے ساتھ وہی سلوک کریں گے جو ہم امریکہ مردہ باد سے مراد لیتے ہیں؟ کیا ظالم سعودی حکومت کے خلاف بھی علم بغاوت بلند کریں گے؟یاد رکھیے کہ امریکی دشمنی کا واحد اور حقیقی امام ،امام خمینی اور امام خامنہ ای ہے۔باقی امریکی دشمنی کا دعودیدار نہ تو درحقيقت امریکہ مردہ باد کا معنی جانتے ہیں اور نہ مفہوم سے آشنا ہیں۔

بے خودی بے سبب نہیں غالب
کچھ تو ہے جسکی پردہ داری ہے

امریکہسویرابتولکالممردہ باد