دو خوشیاں

عید الفطر کے دن مسلمانوں کے لئے دو بڑی خوشیاں ہیں ایک یہ کہ اس دن اللہ تعالیٰ ”صدقة الفطر“ قبول فرماتا ہے یہ بہت بڑی سعادت ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں مال عطاء فرما کر پھر اس میں سے کچھ اپنے نام پر قبول فرما لے اور اسے ہماری آخرت کے لئے محفوظ فرما دے اس لیے عید کے دن پہلا کام ”صدقة الفطر“ ادا کرنا ہے دل کی خوشی کے ساتھ خوب زیادہ سے زیادہ ”صدقہ  فطر“ اپنی طرف سے اور اپنی نابالغ اولاد کی طرف سے ادا کریں اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں کہ اس نے ہمیں اس کی توفیق عطاء فرمائی دوسری خوشی مسلمانوں کے اجتماع میں اللہ تعالیٰ کے حضور دو رکعت نماز ادا کرنے کی ہے اللہ اکبر کبیرا ۔

رمضان المبارک میں محبوب کی خاطر بھوکے پیاسے رہنے والے عاشقوں کو آج ایک خاص ملاقات پر بلایا گیا ہے یہ خاص ملاقات ہے عید کی نماز اس لیے صبح اٹھ کر خوب اچھی طرح نہا لیں ، پاک صاف ہوجائیں، اپنے لباس میں سے جو اچھا ہو وہ زیب تن کریں ۔ خوشبو لگائیں، مسواک کرکے منہ کو معطر کریں ، جو عطر میسر ہو وہ لگائیں ، سرمہ اور عمامہ سے زینت حاصل کریں ۔ الغرض محبوب سے خصوصی ملاقات کی خوب اچھی طرح تیاری کرکے  جلدی جلدی عید گاہ پہنچ جائیں۔ پہلی صف میں امام صاحب کے بہت قریب کیونکہ آج خاص نماز ہے اور خاص ملاقات ایسا نہ ہو بچوں کی انگلیاں پکڑتے قیمتی جوتیاں سنبھالتے اور لوگوں کی خاطر پہنے گئے کپڑوں کو سنوارتے ہماری عید کی نماز سڑک پر ادا ہو رہی ہو۔

تبصرے
Loading...