آیت اللہ مھدوی کنی کے انتقال پر مراجع عظام کے تعزیتی پیغامات

مجلس خبرگان کے سربراہ آیت اللہ مھدوی کنی کے انتقال پرملال پر مراجع عظام نے الگ الگ پیغامات جاری کر کے اس عظیم شخصیت کی رہبر انقلاب اور ملت ایران کو تعزیت پیش کی ہے۔

آیت اللہ مھدوی کنی انقلاب اسلامی کے بزرگ اراکین میں سے تھے: آیت اللہ العظمیٰ صافی گلپائیگانی
حضرت آیت اللہ العظمیٰ صافی گلپائگانی نے آیت اللہ مھدوی کنی کی رحلت پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ مرحوم آیت اللہ شیخ محمد رضا مھدوی کنی عالم، مجاہد اور انقلاب اسلامی کے بزرگ اراکین میں سے تھے علمی و مذہبی مراکز میں جوانوں کی فکری سطح کو بلند کرنے میں ان کی خدمات قابل ستائش ہیں۔
انہوں نے اس بزرگ علمی شخصیت کے انتقال پر حوزہ ہائے علمیہ ، ان کے شاگردوں، دوستوں اور ان کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کی اور مرحوم مغفور کے لیے رحمت الہی کی دعا کی۔

آیت اللہ مھدوی کنی اسلام اور مکتب اہلبیت(ع) کے دفاع میں صف اول میں شامل تھے: آیت اللہ مکارم شیرازی
آیت اللہ العظمیٰ مکارم شیرازی نے آیت اللہ مھدوی کنی کی رحلت پر تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا: عالم اور مجاہد حضرت آیت اللہ مھدوی کنی(رہ) کا انتقال انتہائی قابل افسوس ہے۔
انہوں نے مزید کہا اس عالم ربانی نے اپنی بابرکت زندگی میں ہمیشہ اسلام اور مکتب اہل بیت(ع) کے دفاع میں پہلی صف میں رہتے ہوئے خدمات انجام دیں اور وہ ان لوگوں میں سے تھے جنہوں نے انقلاب کے نشیب و فراز میں کبھی راستہ نہیں بدلا اور امام اور انقلاب کی تئیں ہمیشہ وفادار رہے۔
اس مرجع تقلید نے مرحوم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یونیورسٹی میں بہت سارے قیمتی طالبعلوں کی تربیت کی ہے۔
آیت اللہ مکارم شیرازی نے مرحوم کے انتقال پر علماء اور ملک کے تمام عوام کو تسلیت پیش کی۔

آیت اللہ مھدوی کنی نے انقلاب کی پیشرفت کے لیے بہت ساری زحمات برداشت کیں: آیت اللہ العظمی نوری ہمدانی
آیت اللہ العظمیٰ نوری ہمدانی نے مجلس خبرگان کے سربراہ کی رحلت پر تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ مھدوی کنی الہی عالم، متعہد فقیہ، روشن فکر اور انقلابی شخص تھے جنہوں نے انقلاب اسلامی کی ترقی میں بہت ساری زحمات اٹھائیں۔
انہوں نے کہا کہ آیت اللہ مھدوی کنی امام کے نزدیک قابل اعتماد اشخاص میں سے تھے اسی وجہ سے انہیں امام کی طرف سے ملک کے مختلف علاقوں میں اہم ذمہ داریاں دے کربھیجا جاتا تھا۔

آیت اللہ مھدوی کنی حکومت اور انقلاب کے لیے منشاء خیر اور با صلاحیت شاگردوں کے مربی تھے: آیت اللہ العظمیٰ علوی گرگانی
آیت اللہ العظمیٰ علوی گرگانی نے مرحوم مغفور کے انتقال پر تسلیت پیش کرتے ہوئے کہا یہ بزرگ عالم دین اپنی پوری زندگی حکومت اور انقلاب کے لیے منشاء خیر اور باصلاحیت شاگردوں کے مربی تھے انہوں نے انقلاب اور ولایت کے دفاع میں ہمیشہ اور اہم مناسب مواقع پر مفید قدم اٹھائے۔
انہوں نے کہا کہ آپ امام خمینی(رہ) کے لیے سچے دوست کے مانند تھے اور انقلاب کے اہداف کو پورا کرنے کے لیے بہترین معاون۔
آیت اللہ علوی گرگانی نے اس عالم بزرگوار کے انتقال پر امام زمانہ(ع)، رہبر انقلاب اور تمام ملت ایران کو تسلیت پیش کی ہے۔

یاد رہے کہ آیت اللہ مھدوی کنی گزشتہ روز منگل مورخہ ۲۱ اکتوبر ۲۰۱۴ کو صبح کے وقت تہران کے ہسپتال شہید رجائی میں ۸۳ سال کی عمر میں اس دار فانی سے دار ابدی کی طرف کوچ کر گئے۔
رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ خامنہ ای بروز جمعرات تہران یونیورسٹی میں آیت اللہ مھدوی کنی کی نماز جنازہ پڑھائیں گے اور اس کے بعد حرم حضرت عبد العظیم حسنی کی طرف انہیں تشییع جنازہ کیا جائے گا۔

 

تبصرے
Loading...