کربلاجہالت،حیرت اور گمراہی سے بچانے کا وسیلہ

0 0

 

مومنین کی نشانیوں سے ہے کہ وہ بسم اﷲ الرحمن الرحیم بلند آواز میں پڑھتے ہیں، انگوٹھی پہنتے ہیں، اکاون رکعت نماز شب و روز میں پڑھتے ہین اور امام حجت علیہ السلام کی زیارت اربعین پر جاتے ہیں (آپ کے چہلم پر زیارت کےلئے جاتے ہیں) اس دن کی مخصوص زیارت اربعین میں کربلاءکے قیام کے ہدف کو دو جملوں میں بیان کر دیا گیا ہے۔ اسی کے تناظر میں کربلا کی پوری تحریک کو دیکھا جا سکتا ہے۔ حضرت امام حسین علیہ السلام سے زائر مخاطب ہوتا ہے اور عرض کرتا ہے:

”اے اﷲ تعالیٰ! تیری راہ میں اپنی جان قربان کر دی تاکہ تیرے بندگان کو جہالت کی تاریکی سے نکالیں اور انہیں گمراہی کی حیرت اور سرگردانی سے نجات دیں۔ امام حسین علیہ السلام نے اﷲ کے بندگان کو جہالت اور حیرت و گمراہی سے نجات دی ہے۔ اگر ہم آپ کے بیانات، کلمات، زیارتوں میں موجودہ جملوں کے تناذظر میں دیکھیں تو ہم اپنے قارئین کےلئے کربلا کے اہداف و مقاصد کو اس طرح مختلف عناوین دے کر بیان کر سکتے ہیں۔

 بصرہ والوں کو خط میں واضح لکھا کہ میں تمہیں اﷲ کی کتاب اور سنت نبی کی طرف دعوت دیتا ہو اگر میرا ساتھ دو تو میں تمہیں ہدایت دُوں گا اور صحیح راستہ کی نشاندہی تمہارے واسطے کر دُوںگا۔ دشمنان اسلام بالخصوص وہ منافقین جنہوں نے اپنے لئے مسلمان کا عنوان چسپاں کر رکھا تھا اور یزید ان کی قیادت کر رہا تھا وہ سب یہ کوشش کر رہے تھے کہ پیغمبر اسلام (ص) کی سنت کو مٹا کر زمانہ جاہلیت کے نظام کو جاری کیا جائے۔ یہ بات حضرت کے اس قول سے سمجھ میں آتی ہے کہ ”میں عیش و آرام کی زندگی بسر کرنے یا فساد پھیلانے کے لئے نہیں جا رہا ہوں۔ بلکہ میرا مقصد امت اسلامی کی اصلاح اور اپنے جد پیغمبر اسلام (ص) و اپنے بابا علی بن ابی طالب کی سیرت پر چلنا ہے۔“

 باطل کے چہرے پر پڑی ہوئی نقاب کو الٹنا:

اندر سے اسلام مخالف قوتیں اپنے ظاہری عنوان کے ذریعہ لوگوں کو دھوکہ دے رہے تھے۔ واقعہ کربلا نے ان کے چہرے پر پڑے اسلامی نقاب کوالٹ دیا، تاکہ لوگ ان کے اصلی چہرے کو پہچان سکے۔ ساتھ ہی ساتھ اس واقعہ نے مسلمانوں کو یہ درس بھی دیا کہ انسان کو ہمیشہ ہوشیار رہنا چاہئے اور دین کامکھوٹا پہنے فریب کار لوگوں سے دھوکہ نہیں کھانا چاہئے۔ کربلاءمنافقوں کی شناخت کا وسیلہ ہے۔

 امر بالمعروف کو زندہ رکھنا:

حضرت امام حسین علیہ السلام کے ایک قول سے معلوم ہوتا ہے، کہ آپ کے اس قیام کا مقصد امر بالمعروف و نہی عن المنکر تھا۔ آپنے ایک مقام پر بیان فرمایا کہ میرا مقصد امر بالمعروف و نہی عن المنکرہے۔ایک دوسرے مقام پر بیان فرمایا کہ : اے اللہ! تو جانتا ہے کہ میں امربالمعروف ونہی عن المنکر کو بہت دوست رکھتا ہے۔

 حقیقی اور ظاہری مسلمانوں کے فرق کو نمایاں کرنا:

اور بناوٹی مسلمانوں میں فرق ممکن نہیں، جب تک ان سب کو نہ پہچان لیا جائے، اس وقت تک اسلامی سماج اپنی حقیقت کا پتہ نہیں لگاسکتا۔ کربلا ایک ایسی آزمائش گاہ تھی جہاں پر مسلمانوں کے ایمان، دینی احکام کی پابندی و حق پرستی کے دعوو ¿ں کوپرکھا جا رہا تھا۔ امام علیہ السلام نے خود فرمایا کہ لوگ دینا پرست ہیں جب آزمائش کی جاتی ہے تودیندار کم نکلتے ہیں۔

عزت کی حفاظت کرنا:

حضرت امام حسین علیہ السلام کا تعلق اس خاندان سے ہے، جو عزت وآزادی کا مظہر ہے۔ امام علیہ السلام کے سامنے دو راستے تھے، ایک ذلت کے ساتھ زندہ رہنا اور دوسرا عزت کے ساتھ موت کی آغوش میں سوجانا۔ امام نے ذلت کو پسند نہیں کیا اور عزت کی موت کو قبول کرلیا۔ آپ نے فرمایا ہے کہ : ابن زیاد نے مجھے تلوار اور ذلت کی زندگی کے بیچ لا کھڑا کیا ہے، لیکن میںذلت کوقبول کرنے والا نہیں ہوں۔ ہمارا رب ہم سے یہ بات پسند نہیں کرتا کہ ہم ذلت کی زندگی کا انتخاب کریں۔

طاغوتی طاقتوں سے جنگ:

امام حسین علیہ السلام کی تحریک طاغوتی طاقتوں کے خلاف تھی۔ اس زمانے کا طاغوت یزید بن معاویہ تھا۔ کیونکہ امام علیہ السلام نے اس جنگ میں پیغمبراکرم (ص) کے قول کو سند کے طور پر پیش کیا ہے کہ ” اگر کوئی ایسے ظالم حاکم کو دیکھے جو اللہ کی حرام کردہ چیزوں کو حلال ا ور اس کی حلال کی ہوئی چیزوں کوحرام کررہا ہو، اﷲ سے کئے گئے عہد کو توڑ رہا ہو، بیت المال میں حیف و میل کر رہا ہو، اﷲ کی طے کردہ حدود کو پامال کر رہا ہو، سنت پیغمبر کا مخالف ہو، اﷲ کے بندگان میں ظلم و ستم کر رہا ہو، رحمن کی اطاعت چھوڑ کر شیطان کی اطاعت کر رہا ہو۔ تواس پر لازم ہے کہ اس کے خلاف آواز اٹھائے اور اگر وہ ایسا نہ کرے تو اسے اللہ کی طرف سے سزا دی جائے گی۔“ آپ نے اپنے اس پیغام میں ہر دور کے ظالموں کے خلاف قیام کا درس دیا ہے آپ نے یہ بھی بتا دیا کہ میرا قیام عدالت کے قیام اور مظلوموں کی حمایت میں ہے۔

مزید  حق نما داستان

 دین پر ہر چیز کو قربان کردینا چاہئے:

دین کی اہمیت اتنی زیادہ ہے کہ اسے بچانے کے لئے ہر چیز کو قربان کیا جاسکتا ہے۔ یہاں تک کہ اپنے ساتھیوں ،بھائیوں اور اولاد کو بھی قربان کیا جاسکتا ہے۔ اسی لئے امام علیہ السلام نے شہادت کو قبول کیا۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ دین کی اہمیت بہت زیادہ اور وقت پڑنے پر اس کو بچانے کے لئے سب چیزوں کو قربان کردینا چاہئے۔ امام حسین علیہ السلام کی قربانی سے پہلے لوگ دین کی تبلیغ کرتے تھے لیکن اپنی جان اور آبرو کی حفاظت کو مقدم جانتے تھے، امام علیہ السلام نے دین کے دفاع میں سب کچھ قربان کرکے نئی روایت قائم کر دی۔

 شہادت کے جذبے کو زندہ رکھنا:

جس چیز پر دین کی بقا، طاقت، قدرت و عظمت کا دارومدار ہے وہ جہاد اور شہادت کا جذبہ ہے۔ حضرت امام حسین علیہ السلام نے دنیا کو یہ بتانے کے لئے کہ دین فقط نماز روزے کا ہی نام نہیں ہے ، حق کے دفاع کی خاطر جہاد و قیام ہے تاکہ عوام میں جذبہ ¿ شہادت زندہ ہو اور ظاہری عیش و آرام والی زندگی پر آپ نے حقیقی اور ابدی سکون والی زندگی کا انتخاب کیا۔ امام حسین علیہ السلام نے اپنے ایک خطبہ میں ارشاد فرمایاکہ : میں موت کو سعادت سمجھتا ہوں اور ظالموں کے ہمراہ زندہ رہنے کو اپنے لئے مصیبت جانتا ہوں۔ آپ کا یہ جملہ دین کی راہ میں شہادت کے لئے تاکید ہے۔

اپنے ہدف پرآخری دم تک باقی رہنا:

جو چیز عقیدہ کی مضبوطی کو ظاہر کرتی ہے، وہ ہے اپنے ہدف پر آخری دم تک باقی رہنا۔ امام علیہ السلام نے عاشورا کی پوری تحریک میںیہ ہی کیا، کہ اپنی آخری سانس تک اپنے ہدف پر باقی رہے اور دشمن کے سامنے تسلیم نہیں ہوئے۔ امام علیہ السلام نے امت مسلمہ کو ایک بہترین درس یہ دیا کہ حریم مسلمین سے تجاوز کرنے والوںکے سامنے ہرگز نہیں جھکنا چاہئے۔

جب حق کے لئے لڑو تو ہر طبقہ سے کمک حاصل کرو:

کربلا کی تحریک سے ہمیں یہ سبق بھی ملتا ہے کہ اگر سماج میں اصلاح یا انقلاب منظور نظر ہو تو سماج میں موجود ہر طبقہ سے مدد حاصل کرنی چاہئے اپنے مخالفین کو حق کی مدد کےلئے دعوت دینا چاہیے۔ اور ہر صنف کو اپنے ساتھ ملایا جائے یہی وجہ ہے کہ امام علیہ السلام کے ساتھیوں میں جوان، بوڑھے، سیاہ، سفید، غلام، آزاد ، مرد و خواتین سبھی طرح کے لوگ موجود تھے۔

 افراد کی قلت سے گھبرانا نہیںچاہئے :

کربلا ،امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کے اس قول کی مکمل طور پر جلوہ گاہ ہے کہ ”حق و ہدایت کی راہ میں افراد کی تعدا د کی قلت سے نہیںگھبرانا چاہئے۔“ جو لوگ اپنے ہدف پر ایمان رکھتے ہیں ان کے پیچھے بہت بڑی طاقت ہوتی ہے۔ ایسے لوگوں کو اپنے ساتھیوں کی تعداد کی قلت سے نہیں گھبرانا چاہئے اور نہ ہی ہدف سے پیچھے ہٹنا چاہئے۔ امام حسین علیہ السلام اگر تنہا بھی رہ جاتے تب بھی حق سے دفاع کرتے اور اس کی دلیل آپ کا وہ قول ہے جو آپ نے شب عاشور

اپنے ساتھیوں کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایاکہ آپ سب جہاں چاہو چلے جاو ¿ یہ لوگ فقط میرے مخالفین ہیں، جب میں انہیں مل جاﺅں گا تو وہ دوسرے سے غافل ہو جائیں گے۔

ایثار کے ساتھ سماجی تربیت کوملا دینا:

کربلا ،تنہا جہاد و شجاعت کا میدان نہیں ہے بلکہ سماجی تربیت و وعظ ونصیحت کا مرکز بھی ہے۔ تاریخ کربلا میں امام حسین علیہ السلام کا یہ پیغام پوشیدہ ہے۔ امام علیہ السلام نے شجاعت، ایثار اور اخلاص کے سائے میں اسلام کو نجات دینے کے ساتھ لوگوں کو بیدار کیا اور ان کی فکری و دینی سطح کو بھی بلند کیا،تاکہ یہ سماجی و جہادی تحریک ،اپنے نتیجہ کو حاصل کرکے نجات بخش بن سکے۔ آپ نے کسی ایک مرحلہ پر بھی کوئی ایسا قدم نہیں اُٹھایا جو اسلام کے کسی بھی تربیتی حکم سے ٹکراتا ہو۔ آپ نے اپنے ساتھیوں سے واضح فرما دیا جس کسی نے کسی کا قرض دینا ہے وہ میرے ساتھ شہادت کےلئے موجود نہ رہے۔

تلوار پر خون کوفتح:

مظلومیت سب سے اہم اسلحہ ہے۔ یہ احساسات کو جگاتی ہے اور واقعہ کو جاودانی بنادیتی ہے۔ کربلا میں ایک طرف ظالموں کی ننگی تلواریں تھیں اور دوسری طرف مظلومیت۔ ظاہراً امام علیہ السلام اور آپ کے ساتھی شہید ہو گئے۔ لیکن کامیابی انھیں کو حاصل ہوئی۔ ان کے خون نے جہاں باطل کو رسوا کیا وہیں حق کو مضبوطی بھی عطا کی۔ جب حضرت امام سجاد علیہ السلام سے ابراہیم بن طلحہ نے سوال کیا کہ کون جیتا اور کون ہارا؟ تو آپ نے جواب دیا کہ اس کا فیصلہ تو نماز کے وقت ہوگا۔ یعنی اگر نماز میں توحید و رسالت کی گواہی دی جا رہی ہے تو ہم کامیاب ہوئے اور ہمارا مخالف ناکام ہوا۔

 پابندیوں سے نہیں گھبرانا چاہئے:

مزید  نماز کی امامت ، خلافت کےلئے دلیل نھیں!

کربلا کا ایک درس یہ بھی ہے کہ انسان کو اپنے عقید و ایمان پر قائم رہنا چاہئے۔ چاہے تم پر فوجی و اقتصادی پابندیاں ہی کیوں نہ لگی ہوں۔ امام علیہ حسین علیہ السلام پر تمام پابندیاں لگی ہوئی ہیں تاکہ کوئی آپ کی مدد نہ کرسکے اس لئے آپ کے پاس جانے والوں پر پابندی تھی۔ نہر سے پانی لینے پر پابندی تھی۔ مگر ان سب پابندیوں کے ہوتے ہوئے بھی کربلا والے نہ اپنے ہدف سے پیچھے ہٹے اور نہ ہی دشمن کے سامنے جھکے۔

(15) نظام :

حضرت امام حسین علیہ السلام نے اپنی پوری تحریک کو ایک نظام کے تحت چلایا۔ جیسے زمانہ کے ڈکٹیٹر اور جابر حکمران کی بیعت سے انکار کرنا، مدینہ کو چھوڑ کر کچھ مہینے مکہ میں رہنا، کوفہ و بصرے کی کچھ شخصیتوں کو خط لکھ کر انہیں اپنی تحریک میں شامل کرنے کے لئے دعوت دینا۔ مکہ، منیٰ اور کربلا کے راستے میں تقریریں کرنا وغیرہ۔ ان سب کاموںکے ذریعہ امام علیہ السلام اپنے مقصد کو حاصل کرنا چاہتے تھے۔ عاشورا کے قیام کا کوئی بھی جز بغیر تدبیر کے پیش نہیں آیا۔ یہاں تک کہ عاشور کی صبح کو امام علیہ السلام نے اپنے ساتھیوں کے درمیان جو ذمہ داریاں تقسیم کی تھیں وہ بھی ایک نظام کے تحت تھیں جسے مقتل کی تفصیلی کتابوں میں دیکھا جا سکتا ہے۔

 خواتین کے کردار سے استفادہ:

خواتین نے اس دنیا کی بہت سی تحریکوں میں بڑا اہم کردار ادا کیا ہے۔ اگر پیغمبروں کے واقعات پر نظر ڈالی جائے تو حضرت عیسیٰ ، حضرت موسیٰ، حضرت ابراہیم علیہم السلام—— یہاں تک کہ پیغمبر اسلام (ص) کے زمانے کے واقعات میں بھی خواتین کا کردار بہت موثر رہا ہے۔ اسی طرح کربلا کے واقعات کو جاوید بنانے میں بھی حضرت زینب سلام اللہ علیہا، حضرت فاطمہ کبریٰ سلام اﷲ علیہا، حضرت سکینہ سلام اﷲ علیہا ، اسیران اہل بیت اورکربلا کے دیگر شہداءکی بیویوں کا اہم کردار رہا ہے۔ کسی بھی تحریک کے پیغام کو عوام تک پہنچانا بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ کربلا کی تحریک کے پیغام کو عوام تک اسیران کربلا نے ہی پہنچایا ہے۔ آپ نے خواتین کی ایسی تربیت کر دی تھی کہ وہ کربلاءسے کوفہ اورکوفہ سے شام تک کے لمبے صعوبتوں بھرے سفر سے گھبرائی نہیں بلکہ اُنہوں نے پوری دلیری اور بہادری سے ہر مشکل کا مقابلہ کیا۔

میدان جنگ میں بھی یاد خدا:

جنگ کی حالت میں بھی اللہ کی عبادت ا ور اس کے ذکرکو نہیں بھولنا چاہئے۔ میدان جنگ میں بھی عبادت و یادخدا ضروری ہے۔ امام حسین علیہ السلام نے شب عاشور دشمن سے جو مہلت لی تھی، اس کا مقصدتلاوت قرآن کریم ، نماز اور اللہ سے مناجات اور استغفار تھا۔ اسی لئے آپ نے فرمایاتھاکہ میں نماز کو بہت زیادہ دوست رکھتا ہوں۔ شب عاشور آپ کے خیموں سے پوری رات عبادت و مناجات کی آوازیں آتی رہیں۔ عاشور کے دن امام علیہ السلام نے نماز ظہر کو اول وقت پڑھا۔ یہی نہیں بلکہ کربلاءسے شام تک کے پورے سفر میں حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی نماز شب بھی قضا نہ ہوئی، چاہے آپ کو بیٹھ کر ہی نماز کیوں نہ پڑھنی پڑی۔

 اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنا:

سب سے اہم بات انسان کا اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنا ہے۔ چاہے اس ذمہداری کو نبہانے میں انسان کو ظاہری طور پر کامیابی نظر نہ آئے۔

اور یہ بھی ہمیشہ یاد رکھنا چاہئے کہ انسان کی سب سے بڑی کامیابی اپنی ذمہ داری کوپورا کرنا ہے ، چاہے اسکا نتیجہ کچھ بھی ہو۔ حضرت امام حسین علیہ السلام نے بھی، اپنے کربلا کے سفر کے بارے میں یہی فرمایا تھاکہ جو اللہ چاہے گا بہتر ہوگا، چاہے میں قتل ہو جاو ¿ں یا مجھے (بغیر قتل ہوئے) کامیابی مل جائے۔ آپ نے فرمایا کہ فیصلہ وہی ہو گا جو اﷲ کا طے شدہ ہے، اﷲ کے فیصلہ کے سامنے تسلیم ہیں۔

 مکتب کی بقاءکے لئے قربانی:

دین کے معیار کے مطابق، مکتب کی اہمیت، پیروان مکتب سے زیادہ ہے۔ مکتب کو باقی رکھنے کے لئے حضرت علی علیہ السلام و حضرت امام حسین علیہ السلام جیسی معصوم شخصیتوں نے بھی اپنے خون و جان کو فدا کیا ہے۔ امام حسین علیہ السلام جانتے تھے کہ یزید کی بیعت دین کے اہداف کے خلاف ہے لہٰذا بیعت سے انکار کردیا اور دینی اہداف کی حفاظت کے لئے اپنی جان قربان کردی، اور امت مسلمہ کو سمجھا دیا کہ مکتب کی بقا کے لئے مکتب کے چاہنے والوں کی قربانیاںضروری ہے۔ انسان کو یاد رکھنا چاہئے کہ یہ قانون فقط آپ کے زمانہ سے ہی مخصوص نہیں تھا بلکہ ہر زمانہ کے لئے ہے۔ ہر دور میں دین کے دفاع کےلئے سب کچھ قربان کرنے کےلئے آمادہ و تیار رہنے کا درس کربلاءسے ملا ہے۔

 اپنے رہبر کی حمایت ضروری ہے:

کربلا ،اپنے رہبر کی حمایت کی سب سے عظیم جلوہ گاہ ہے۔ امام حسین علیہ السلام نے شب عاشور اپنے ساتھیوں کے سروں سے اپنی بیعت کو اٹھالیا تھااور فرمایا تھا جہاں تمھارا دل چاہے چلے جاو ¿۔ مگر آپ کے ساتھی آپ سے جدا نہیں ہوئے اور آپ کو دشمنون کے نرغہ میں تنہا نہ چھوڑا۔ شب عاشور آپ کی حمایت کے سلسلہ میں حبیب ابن مظاہر اور زہیر ابن قیس کی بات چیت قابل غور ہے۔ یہاں تک کہ آپ کے اصحاب نے میدان جنگ میں جو رجز پڑہے ان سے بھی اپنے رہبر کی حمایت ظاہر ہوتی ہے ،جیسے حضرت عباس علیہ السلام نے فرمایا کہ اگر تم نے میرا داہنا ہاتھ جدا کردیا تو کوئی بات نہیں، میں پھر بھی اپنے امام اور دین کی حمایت کروں گا۔ مسلم ابن عوسجہ نے آخری وقت میں جو حبیب کو وصیت کی وہ بھی یہی تھی کہ امام کو تنہا نہ چھوڑنا اور ان پر اپنی جان قربان کردنیا۔

مزید  شہادت قمر بنی ہاشم حضرت ابو الفضل العباس

 دنیا ، خطرناک لغزش گاہ ہے:

دنیا کے عیش و آرام اور مال و دولت کی محبت تمام سازشوںا ور فتنے و فساد کی جڑہے۔ میدان کربلا میں جو لوگ گمراہ ہوئے یا جنہوں نے اپنی ذمہ داریوں کو پورا نہیںکیا، ان کے دلوں میں دنیا کی محبت سمائی ہوئی تھی۔ یہ دنیا کی محبت ہی تو تھی جس نے ابن زیاد نے عمر سعد کو امام حسین علیہ السلام کا خون بہانے پر آمادہ کیا۔ لوگوں نے شہر کی حکومت کے لالچ اور امیر سے ملنے والے انعامات کی امید پر امام علیہ السلام کا خون بہا یا۔ یہاں تک کہ جن لوگوں نے آپ کی لاش پر گھوڑے دوڑآئے انھوںنے بھی ابن زیاد سے اپنی اس کرتوت کے بدلے انعام چاہا۔ شاید اسی لئے امام حسین علیہ السلام نے فرمایا تھا کہ لوگ دنیا پرست ہوگئے ہیں، دین فقط ان کی زبانوں تک رہ گیا۔ خطرے کے وقت وہ دنیا کی طرف دوڑنے لگتے ہیں۔ چونکہ امام حسین علیہ السلام کے ساتھیوں کے دلوں میں

دنیا کی ذرا برابربھی محبت نہیں تھی ،اس لئے انھوں نے بڑے آرام کے ساتھ اپنی جانوں کو راہ خدا میں قربان کردیا۔ امام حسین علیہ السلام نے عاشور کے دن صبح کے وقت جو خطبہ دیا اس میں بھی دشمنوں سے یہی فرمایا کہ تم دنیا کے دھوکہ میں نہ آجانا۔

 توبہ کا دروازہ ہمیشہ کھلا ہے:

توبہ کا دروازہ کبھی بھی بند نہیں ہوتا، انسان جب بھی توبہ کرکے صحیح راستے پر آ جائے بہتر ہے۔ حر جو امام علیہ السلام کو گھیرکر کربلا کے میدان میں لایا تھا، عاشور کے دن صبح کے وقت باطل راستے سے ہٹ کر حق کی راہ پر آگیا۔ حر امام حسین علیہ السلام کے قدموں پر اپنی جان کو قربان کرکے، کربلا کے عظیم ترین شہیدوں میں داخل ہوگیا۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ہر انسان کے لئے ہر حالت میں اور ہر وقت توبہ کا دروازہ کھلا ہے۔

(23) آزادی:

کربلا ،آزادی کا مکتب ہے اور امام حسین علیہ السلام اس مکتب کے معلم ہیں۔ آزادی وہ اہم چیز ہے جسے ہر انسان پسندکرتا ہے۔ امام علیہ السلام نے عمر سعد کی فوج سے کہا کہ اگر تمھارے پاس دین نہیں ہے اور تم قیامت کے دن سے نہیں ڈرتے ہو تو کم سے کم آزاد انسان بن کر تو جیو۔

 جنگ میں ابتداءنہیں کرنی چاہئے:

اسلام میں جنگ کو اولیت نہیں ہے۔ بلکہ جنگ، ہمیشہ انسانوںکی ہدایت کی راہ میں آنے والی رکاوٹ کو دور کرنے کے لئے کی جاتی ہے۔ اسی لئے پیغمبر اسلام (ص) حضرت علی علیہ السلام، حضرت امام حسن علیہ السلام و امام حسین علیہ السلام نے ہمیشہ یہی کوشش کی، کہ بغیر جنگ کے معاملہ حل ہوجائے۔ اسی لئے آپنے کبھی بھی جنگ میں ابتداءنہیں کی۔ امام حسین علیہ السلام نے بھی یہی فرمایا تھا کہ ہم ان سے جنگ میں ابتداءنہیں کرےں گے۔ کئی ایسے مواقع آئے کہ اگر امام حسین علیہ السلام چاہتے تو اپنے مقابلہ میں انے والے مٹھی بھر مخالفوں کو مار سکتے تھے آپ کے بعض ساتھیوں نے مشورہ بھی دیا لیکن آپ نے ایسا نہیں کیا۔

انسانی حقوق کی حمایت:

کربلا جنگ کا میدان تھا ،مگر امام علیہ السلام نے انسانوں کے مالی حقوق کی مکمل حمایت کی۔ کربلا کی زمین کو اس کے مالکوں سے خرید کر وقف کیا۔ امام علیہ السلام نے جو زمین خریدی اس کا حدود اربع چارضر ب چار میل تھا۔ اسی طرح امام علیہ السلام نے عاشور کے دن فرمایا کہ اعلان کردو کہ جو انسان مقروض ہو وہ میرے ساتھ نہ رہے۔

 اللہ سے راضی رہنا:

انسان کا سب سے بڑا کمال، ہر حال میں اللہ سے راضی رہنا ہے۔ امام حسین علیہ السلام نے اپنے خطبے میں فرمایا کہ ہم اہل بیت کی رضا وہی ہے جو اللہ کی مرضی ہے۔ اسی طرح آپ نے زندگی کے آخری لمحہ میں بھی اللہ سے یہی مناجات کی کہ پالنے والے! تیرے علاوہ کوئی معبود نہیں ہے اور میں تیرے فیصلے پر راضی ہوں۔ 

 انسانی اقدار کی پاسداری:

امام حسین علیہ السلام نے اپنی مخالفت میں آنے والے لشکر کو جب پیاسا دیکھا تو انہیں پانی پلا کر رہتی دُنیا تک یہ درس چھوڑا کہ انسانی اقدار کا تحفظ ہر حال میں کیا جائے اور دشمن کی مجبوری سے فائدہ نہ اُٹھایا جائے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.