مفہوم انسان شناسی

خدا ،انسان اور دنیا فکر بشر کے تین بنیادی مسائل ہیں جن کے بارے میں پوری تاریخ بشر کے ہر دور میں ہمیشہ بنیادی، فکری اور عقلی سوالات ہوتے رہتے ہیں اور فکر بشر کی ساری کوششیں انہی تین بنیادی چیزوں پر متمرکز اور ان سے مربوط سوالات کے صحیح جوابات کی تلاش میں ہیں۔

بہر حال انسان کی معرفت ،اس کے مشکلات کا حل نیز اس کے پوشیدہ اسرار،کافی اہمیت کے حامل ہیں، جس نے بہت سے دانشمندوں کو اپنے مختلف علوم کے شعبوں میں مشغول کررکھا ہے۔(١)مذاہب آسمانی کی تعلیمات میں (خصوصاً اسلام میں)معرفت خدا کے مسئلہ کے بعد معرفت انسان سب سے اہم مسئلہ مانا جاتا ہے،دنیا کا خلق کرنا ،پیغمبروں کو مبعوث کرنا ،آسمانی کتابوں کا نزول در حقیقت آخرت میں انسان کی خوشبختی کے لئے انجام دیا گیا ہے اگرچہ قرآن کی روشنی میں سبھی چیزیںخدا کی مخلوق ہیں اور کوئی بھی شئی اس کے مقابلہ میں نہیں ہے لیکن یہ کہا جا سکتا ہے کہ قرآن کی روشنی میں اس کائنات کو ایک ایسے دائرے سے کہ جس کے دو نقطہ ہوں تعبیر کیا گیا ہے جس کی حقیقی نسبت کا ایک سرا اوپر(اللہ) ہے اور دوسرا سرانیچے (انسان) کی طرف ہے (٢)اورانسان بھی ایک عرصۂ دراز سے ، اپنے وسیع تجربے کے ذریعہ اسی نسبت کو حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے جب کہ انسان شناسی کے ماہرین نے اس بات کی تاکید کی ہے کہ انسان کی معرفت کے اسباب ووسائل ، پوری طرح سے انسان کی حقیقت اور اس کے وجودی گوشوں کے حوالے سے مہم سوالات کا جواب نہیں دے سکتے ہیں لہٰذا آج انسان کو ایسا وجود جس کی شناخت نہ ہو سکی ہو یا انسان کی معرفت کا بحران وغیرہ جیسے الفاظ سے یاد کیا جانے لگا ۔

مذکورہ دو حقیقتوں میں غوروفکرہمیںمندرجہ ذیل چار سوالات سے روبروکرتا ہے:

١۔انسان کے بارے میں کئے گئے بنیادی سوال کون سے ہیںاور انسان کی معرفت میں کیسی کو ششیں ہونی چاہیئے اوران سوالات کے لئے مناسب جوابات تک رسائی کیسے ممکن ہے؟

٢۔انسان کی معرفت میں بشر کی مسلسل حقیقی تلاش کا سبب کیا ہے؟ اورکیا دوسرے بہت سے اسباب کی طرح فطری جستجو کا وجودہی ان تمام کوششوںکی وضاحت و تحلیل کے لئے کافی ہے؟ یا دوسرے اسباب و علل کی بھی جستجوضروری ہے یا انسان کی معرفت کے اہم مسائل اوراس کی دنیو ی و اخروی زندگی نیز علمی و دینی امور میں گہرے اور شدید رابطوں کو بیان کرنا ضروری ہے ؟

٣۔دور حاضر میں انسان شناسی کے بحران سے کیا مراد ہے اور اس بحران کے انشعابات کیا ہیں ؟

٤۔دور حاضر میں انسان شناسی کے بحران سے نجات کے لئے کیا کوئی بنیادی حل موجود ہے؟دین اور دینی انسان شناسی کا اس میں کیا کردار ہے ؟

مذکورہ سوالات کے مناسب جوابات حاصل کرنے کے لئے  انسان شناسی کے مفہوم کی تحقیق اور اس کے اقسام ،انسان شناسی کی ضرورت اور اہمیت ، انسان شناسی کے بحران اور اس کے اسباب نیز دینی انسان شناسی کی خصوصیات کے بارے میں جستجو کرنے کی ضرورت ہے ۔

…………..

(١)منجملہ علوم جو انسان اور اس کے اسرار و رموز کی تحلیل و تحقیق کرتے ہیں جیسے علوم انسانی تجربی اور دیگر فلسفے جیسے علم النفس ، فلسفہ خود شناسی ، فلسفہ اخلاق ،فلسفہ عرفان ، فلسفہ اخلاق ،فلسفہ اجتماعی ، فلسفۂ علوم اجتماعی ، فلسفہ تاریخ و حقوق وغیرہ

(٢) ایزوٹسو ،ٹوشی ہیکو، قرآن میں خدا و انسان ، ترجمہ احمد آرام ، ص ٩٢۔

تبصرے
Loading...