سیرو تفریح کے انسانی زندگی پر مثبت اثرات وفوائد

محمد حسن غدیری

*سیرو تفریح کے انسانی زندگی پر مثبت اثرات وفوائد*

*محمد حسن غدیری*

*سیروا فی الارض فانظروا کیف کان عاقبۃ المجرمین*(القرآن )

خدا وند متعال نے قرآن مجید کی متعدد آیات میں زمین پر سیر کے بارے میں تاکید کی ہے کہ تم اللہ کی زمین پر سیر کرو اور اس میں موجود اللہ کی نشانیوں سے درس و عبرت حاصل کرو۔

سیر و تفریح فقط ذھنی سکون اور ظاھری لذت کے لیے نہیں ہے۔ بلکہ انسان اگر تھوڑا بہت توجہ کرے۔ اور مختلف مناظر اورنشانیوں سے مثبت نتائج لینا چاہے تو زمین میں موجود اللہ کی نعمتوں اور نشانیوں سے انسان اپنی زندگی بدل سکتا ہے۔ذیل میں سیر تفریح کے بعض فوائد اثرات کی جانب اشارہ کیا جاتاہے۔

1۔سیر و تفریح سے جلوہ خداوندی آشکار ہوتاہے۔ جب انسان زمین پر چلنے اور رینگنے والے حیوانات ،اگنے والے پودوں اور پھولوں کی بناوٹ کی طرف توجہ کرتا ہے تو اس کا ذھن لامحالہ وجود خدا کا اقراراور اس چیز پر یقین کرتا ہے کہ یہ تمام چیزیں خود بخود وجود میں نہیں آئی ہیں۔بلکہ ان کو پیدا کرنے اورزندگی بخشنے والی کوئی عظیم ھستی ضرور ہوگی پس وہی عظیم ہستی،خدا ونداعالم ہی ہے۔پس انسان سیر کے ذریعے خدا وندعالم کی ذات اور قدرت کی نشانیوں کی معرفت حاصل کرتاہے۔

2۔سیر و تفریح سے انسان کی صحت و سلامتی کاذریعہ بھی ہے۔
صحت، اللہ تعالیٰ کی ایک بہت بڑی اور عظیم نعمت ہے اگر یہ نعمت میسر رہے تو انسان باقی نعمات الہٰی سے استفادہ کر سکتاہے۔ لہذا سیر و تفریح فقط ذھن کو قوت عطا نہیں کرتا۔بلکہ انسان کو جسمانی و ذھنی دونوں اعتبار سے طاقت فراھم کرتا ہے اور جسم میں موجود سستی و ذہنی دباؤ کو دور کرتی ہے جب انسان اپنے اردگرد موجود خوبصورت و دلکش مناظر کو دیکھ کر خوش ہوتا ہے اور اس کے یہی اندورنی خوشی اس کی صحت وذہن پر اثر انداز ہوتی ہے اور وہ ایک تفریحی و معنوی سفر کی وجہ سے اپنے اندرونی کمزوریوں کو دور کر کے رب کی طرف عبادت کے زریعے نزدیک ہو سکتے ہیں۔جب صحت اچھی ہو تو عبادت کرنے کا لطف حاصل ہوتا ہے۔

3۔سیر و تفریح مذکورہ فوائد کے علاوہ انسان کی معلومات میں اضافہ کا سبب بنتا ہے اور انسان چند ایسے مناطر و اشیاء کو دیکھتا ہے جس کے بارے میں اسے پہلے علم نہیں تھا۔ کیونکہ سفر کے دوران مختلف حیوانات،پھولوں، درختوں اور دیگر چیزوں کا مشاھدہ کرتا ہے تو یہ نئی چیزیں انسان کو مکمل تحقیق یا کم از کم فوائد و نقصانات کی حد تک جستجو کرنے کی جانب لے جاتاہے جس سے معلومات میں اضافہ ہوتا ہے۔

4۔ سیر و تفریح انسان کو سفر آخرت کی یاد دلاتا ہے۔
جب بھی انسان کو کسی معمولی سفر پر بھی جانا ہو تو وہ سوچتاہے۔
کہ میرا یہ سفر کتنے دنوں پر مشتمل ہوگا؟
وہاں کے موسم کے بارے میں معلومات لیتا ہے۔
ضروریات زندگی ھمراہ لے جاتا ہے۔
تو ایک عقلمند انسان اس معمولی سفر سے اس حقیقی و جاویدانی سفر کی یادتازہ کرکے اپنے اپ کو اس جاویدانی اور لمبے سفر کے لیے آمادہ کرتا ہے کہ وہاں جن چیزوں کی ضرورت ہے وہ اسی دنیا سے ہی حاصل کر کے تیار کر کے لے جانا ہے۔ جس طرح تفریحی سفر میں نکلنے سے پہلے تمام تر ضروریات کو گھر سے تیار کر کے جاتے ہیں۔
کیونکہ:
*«الدنیا مزرعۃ الآخرہ»*
دنیا آخرت کی کھیتی ہے یعنی اس سفر کیلیے جو کچھ بھی ضرورت محسوس کرے وہ اسی کھتی سے یعنی دنیا سے تیار کر کے جانا ہے۔۔

لہٰذا عقلمند انسان کا ایک تفریحی سفر اس کیلیے بہت ہی ارزش و فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔

تبصرے
Loading...