ايک ہوں مسلم حرم کي پاسباني کے ليۓ

ايک ہوں مسلم حرم کي پاسباني کے ليۓ نيل کے ساحل سے لے کر تابخاک کاشغر اسلام اپنے پيروکاروں کو اخوّت

ايک ہوں مسلم حرم کي پاسباني کے ليۓ

نيل کے ساحل سے لے کر تابخاک کاشغر

اسلام اپنے پيروکاروں کو اخوّت اور بھائي چارے کا درس ديتا ہے – اسلام اپنے پيروکاروں کو حکم ديتا ہے کہ اللہ کي رسي کو مضبوطي سے تھامے رکھو ، اسلامي تعليمات ہر اس بات سے دور رہنے کي تلقين کرتي ہيں جو مسلمان قوم کو تفرقہ بازي کي طرف لے جاۓ – مسلمان قوموں کے درميان اتحاد کا مفہوم يہ ہے کہ عالم اسلام سے متعلق مسائل کے سلسلے ميں ايک ساتھ حرکت کريں، ايک دوسرے کي مدد کريں اور ان قوموں کے درميان پائے جانے والے ايک دوسرے کے سرمائے اور دولت کو ايک دوسرے کے خلاف استعمال نہ ہونے ديں-

اتحاد بين المسلمين کا مطلب مختلف فرقوں کا اپنے مخصوص فقہي اور اعتقادي امور سے اعراض اور روگرداني نہيں ہے بلکہ اتحاد بين المسلمين کے دو مفہوم ہيں اور ان دونوں کو عملي جامہ پہنانے کي ضرورت ہے- پہلا مفہوم يہ کہ گوناگوں اسلامي مکاتب فکر، جن کے اندر بھي کئي ذيلي فقہي اور اعتقادي فرقے ہوتے ہيں، دشمنان اسلام کے مقابلے ميں حقيقي معني ميں آپس ميں تعاون اور ايک دوسرے کي اعانت کريں اور ہم خيالي اور ہمدلي برقرار کريں-

دوسرے يہ کہ مسلمانوں کے مختلف فرقے خود کو ايک دوسرے کے قريب لانے کي کوشش کريں، ہم خيالي پيدا کريں، مختلف فقہي مکاتب کا جائزہ ليکر ان کے اشتراکات کي نشاندہي کريں- علما و فقہا کے بہت سے فتوے ايسے ہيں جو عالمانہ فقہي بحثوں کے ذريعے اور بہت معمولي سي تبديلي کے ساتھ دو فرقوں کے ايسے فتوے ميں تبديل ہو سکتے ہيں جو ايک دوسرے کے بہت قريب ہوں-

قرآن کريم نے مسلمانوں کو اتحاد کي دعوت دي ہے- قرآن نے مسلمانوں کو انتباہ بھي ديا ہے کہ اگر انہوں نے اپنے اتحاد و يکجہتي کو گنوايا تو ان کي عزت و آبرو، شناخت و تشخص اور طاقت و توانائي سب کچھ مٹ جائے گا- آج بد قسمتي سے عالم اسلام ميں مشکلات سامنے کھڑي ہيں- آج اسلام کے خلاف جو سازش کي جا رہي ہے وہ بہت گہري سازش ہے- موجودہ حالات ميں اگر اسلام کے خلاف منظم سازشيں مزيد شدت و سرعت کے ساتھ جاري ہيں تو اس کي وجہ امت مسلمہ ميں آنے والي وہ بيداري ہے جسے ديکھ کر دشمنوں پر خوف طاري ہو گيا ہے- عالمي استکبار، اسلامي ممالک ميں موجود لالچي عناصر، اسلامي حکومتوں اور ملکوں ميں مداخلت کرنے والے، امت مسلمہ کے اتحاد سے مضطرب ہيں- ( جاري ہے)

تبصرے
Loading...