قرآن کریم رسول اللہ (صلّی اللہ علیہ وآلہ وسلّم) کی حقانیت کا ثبوت

خلاصہ: قرآن کریم کے مختلف پہلو رسول اللہ (صلّی اللہ علیہ وآلہ وسلّم) کی حقانیت پر دلیل ہیں۔

قرآن کریم رسول اللہ (صلّی اللہ علیہ وآلہ وسلّم) کی حقانیت کا ثبوت

قرآن کریم ایسی کتاب ہے جو انسانوں کی سوچ سے بالاتر ہے اور کوئی ایسی کتاب نہیں لاسکتا، لہذا قرآن کریم رسول اللہ (صلّی اللہ علیہ وآلہ وسلّم) کی حقانیت کا ثبوت اور آنحضرتؐ کا عظیم معجزہ ہے۔
قرآن کریم دین اسلام کو پہچاننے کا سب سے زیادہ اہم، معتبر اور مضبوط ماخذ ہے، اسی لیے جو شخص اسلام کو پہچاننا چاہے اسے چاہیے کہ قرآن کریم کی روشنی میں دین اسلام کو پہچانے۔
اس عظیم معجزہ کے اعجاز میں زمان و مکان کے حدود نہیں پائے جاتے کہ کسی زمانے میں قرآن معجزہ ہو اور اب معجزہ نہ ہو یا کسی جگہ معجزہ ہو اور دوسری جگہ معجزہ نہ ہو، بلکہ ہر زمانے میں اور ہر جگہ پر قرآن یقیناً معجزہ ہے، بلکہ جیسے وقت گزرتا جارہا ہے تو علم کی ترقی اور ٹیکنالوجی کی پیشرفت کی وجہ سے قرآن کریم سے مزید استفادہ کرنے اور پہلے سے زیادہ فیضیاب ہونے کے اسباب فراہم ہورہے ہیں اور قرآن کریم کی تعلیمات کو زیادہ گہرائی سے سمجھنے کا راستہ فراہم ہورہا ہے۔
قرآن کریم ایسی ہمہ گیر کتاب ہے جو انسان کی زندگی کے تمام پہلوؤں کو شامل ہوتی ہے اور ایسا نہیں ہے کہ کوئی شخص اپنی زندگی کے کسی پہلو کے بارے میں قرآن کریم کو خاموش دیکھے، بلکہ قرآن انسان کو زندگی کے ہر پہلو میں راستہ دکھاتا ہے۔
قرآن کریم ایسی کتاب ہے جو انسانوں کو ہدایت کرتی ہے، سورہ اسراء کی آیت ۹  میں ارشاد الٰہی ہے: إِنَّ هَـٰذَا الْقُرْآنَ يَهْدِي لِلَّتِي هِيَ أَقْوَمُ وَيُبَشِّرُ الْمُؤْمِنِينَ الَّذِينَ يَعْمَلُونَ الصَّالِحَاتِ أَنَّ لَهُمْ أَجْرًا كَبِيرًا”، “یقیناً یہ قرآن اس راستہ کی طرف راہنمائی کرتا ہے جو سب سے زیادہ سیدھا ہے اور خوشخبری دیتا ہے ان اہلِ ایمان کو جو نیک عمل کرتے ہیں کہ ان کے لئے بہت بڑا اجر ہے”۔
قرآن کریم اور رسول اللہ (صلّی اللہ علیہ وآلہ وسلّم) اور اہل بیت (علیہم السلام) تمام زمانوں اور سب جگہوں میں سب معاشروں اور سب نسلوں کے لئے ہدایت کے چراغ ہیں۔ قرآن کریم اور اہل بیت (علیہم السلام)، دین اسلام اور رسول اللہ (صلّی اللہ علیہ وآلہ وسلّم) کی حقانیت کا ثبوت ہیں۔

ترجمہ آیت از: مولانا محمد حسین نجفی صاحب۔

تبصرے
Loading...