اخلاق،بعثت کا اہم ترین مقصد

*اخلاق،بعثت کا اہم ترین مقصد*

*عارف انصاری*

عید بعثت کی مناسبت سے آپ تمام کی خدمت میں ہدیہ تبریک عرض ہے۔۔
لَقَدْ مَنَّ ٱللَّهُ عَلَى ٱلْمُؤْمِنِينَ إِذْ بَعَثَ فِيهِمْ رَسُولًا مِّنْ أَنفُسِهِمْ يَتْلُواْ عَلَيْهِمْ ءَايَٰتِهِۦ وَيُزَكِّيهِمْ وَيُعَلِّمُهُمُ ٱلْكِتَٰبَ وَٱلْحِكْمَةَ وَإِن كَانُواْ مِن قَبْلُ لَفِى ضَلَٰلٍۢ مُّبِينٍ۔
یوں تو انسانی تاریخ میں ہر پیغمبر ایک عظیم اور پاکیزہ الہی ہدف کے ساتھ مبعوث  ہوئے ہیں۔ مگر ہمارے پیغمبر حضرت محمد صلی اللہ علیہ  و آلہ وسلم کواللہ تعالیٰ نے
ان سارے اھداف کی تکمیل کے لیے آخر میں بھیجا۔ پیغمبر اکرم ص تاریخ کے وہ عظیم انسان ہیں۔جس نے تا ابد ایک ایسا انقلاب، انسانی زندگی میں برپا کیا جس کے  زیر سایہ ہر انسان اپنا  مقصد حاصل کرسکتاہے۔ اور فطرت سے ہم آہنگ مخصوص قوانین پر مشتمل الہی دین لے کر آپ مبعوث ہوئے۔ جس میں تمام تر انسانی اقدارومسائل کاحل بیان ہواہے۔

اسلام کے ذریعے اللہ نے بنی نوع انسان کو ایک معیار فراہم کیاہے۔جو شخص اس پر پورا اترےگویا وہ دونوں جہانوں میں کامیاب ہوگا۔اور پیغمبر اکرم حضرت محمد کو اس عظیم مقصد کے ابلاغ کا  ذریعہ بنایا۔اورنبوت ورسالت کا سلسلہ آپ پر مکمل کردیا۔اب قیامت تک کے لیے آپ کی شریعت ہی سعادت ونجات کی راہ ہے۔

کسی بھی دین یا مکتب کی مضبوطی اور استحکام اس کے  اہداف و مقاصد سے ہی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ اسلام کے مقابلے میں بہت سارے ادیان موجود ہیں ایک نظر ان کی طرف دوڑانے سےمعلوم ہوتا ہے کہ  اسلام کامل ترین دین ہے کیونکہ اس کی بنیاد فطرت پر رکھی گئی ہے۔اور اسکی طرف سے مبعوث ہوا ہے جو فطرت کا خالق ہے۔

اسلام اپنی تمام تر بلندیوں کے ساتھ تین  بنیادی چیزوں پر محیط ہے۔
1۔عقائد
2۔فقہ
3۔ اخلاق
چونکہ انسانی فطرت اس طرح سے بنائی گئی ہے کہ ان تینوں  سے اس کا  واسطہ الزامی ہے انسان کی تمام تر ضروریات انہی  پر موقوف ہیں۔۔

لہذا جہاں فقہی مسائل بیان ہوئے ہیں وہاں اخلاقی مسائل پر بھی اسلام کی نگاہ ہے اگر اخلاقی مسائل زیادہ نہیں۔تو فقہی مسائل سے کم بھی نہیں۔

اسلام اخلاق کو اس قدر اہم سمجھتا ہے کہ اسے بعثت کا موضوع قرار دے کر پیغمبر اکرم کو اخلاق کا رول  ماڈل قرار دیا ہے یوں اسلام کی اساس اخلاق پر ہے۔اور بعثت رسول کے اہداف میں سے سب سے اہم اخلاق کی تکمیل ہے۔اس لیے پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ نے فرمایا:
*بعثت لاتمم مکارم الاخلاق۔*
مجھے اخلاق کی تکمیل کے لیے مبعوث کیاگیا ہے۔

تبصرے
Loading...