انقلاب اسلامی ایران عوامی انقلاب ہے

رہبر معظم انقلاب: اسلامی انقلاب کا نہال اب ایک مضبوط اور تناور درخت بن گیا ہے؛ دشمن کے کمزور جھونکوں سے اس پر کوئی اثر پڑنے والا نہیں ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے حضرت امام خمینی (رہ) کے ساتھ تاریخی بیعت اور اسلامی انقلاب کی 40ویں سالگرہ کی مناسبت سے ملکی فضائیہ کے کمانڈروں اور اعلی افسروں سے خطاب کیا؛ آپ نے اپنے خطاب میں ایام اللہ اور اسلامی انقلاب کی اہم مناسبتوں کو اسلامی نظام کے استحکام اور دوام کا محرک قراردیا اور فرمایا: اس سال گیارہ فروری کو جشن انقلاب کی ریلیاں ہر سال سے زیادہ پرجوش اور دیکھنے کے لائق ہوں گی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائیہ کے سربراہ، اعلی کمانڈروں اور اہلکاروں نے حضرت امام خمینی (رہ) کے ساتھ تاریخی بیعت کی مناسبت سے رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای سے ملاقات کی۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں فرمایا:

دشمن مال و زر، طاقت و قدرت، مکر و فریب اور دہشت گردی کے فروغ کے ذریعہ انقلاب اسلامی کے اثر و رسوخ کو روکنے کی کوشش کررہا ہے لیکن انقلاب اسلامی کا درخت اب ایک مضبوط اور تناور درخت بن گیا ہے اور دشمن کے کمزور جھونکوں سے اس پر کوئی اثر پڑنے والا نہیں ہے۔

اسلام ٹائمز کے مطابق، حضرت آیت اللہ خامنہ ای نے فرمایا: ایرانی عوام کو معلوم ہےکہ انقلاب اسلامی کی کمین میں دشمن بیٹھا ہوا ہے اور اسی لئے اس سال 22 بہمن کے دن عوام بعض امریکی حکام کی دھمکیوں اور بیہودہ گوئی کا بھرپور جواب دیں گے اور اس سال کا 22 بہمن تماشائی ہوگا۔

رہبر معظم نے فرمایا: انقلاب اسلامی، ایرانی عوام کا انقلاب ہے؛ عوام اس انقلاب کے مالک ہیں اور اللہ تعالی کی حمایت اور نصرت بھی ایرانی عوام کے ہمراہ ہے؛ آپ نے خطے میں امریکہ کی شکست خوردہ کوششوں کیطرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: امریکہ نے خطے میں دہشت گردی کا فروغ جاری رکھا ہوا ہے؛ امریکہ خطے میں عدم استحکام کا اصلی سبب ہے۔

معظم لہ نے انقلاب اسلامی کو زندہ حقیقت قرار دیتے ہوئے فرمایا: انقلاب اسلامی کی جڑیں ماضی کی نسبت، آج بہت زيادہ قوی اور مضبوط ہیں اور انقلاب اسلامی، کامیابی کے ساتھ اپنے اصلی اور اعلی اہداف کی جانب گامزن ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ایرانی حکام پر زور دیا کہ وہ عوام کی شکایات کو غور سے سنیں اور انھیں برطرف کرنے کے سلسلے میں تلاش و کوشش کریں۔ ایرانی عوام انصاف کے خواہاں ہیں؛ عوام مشکلات کو برداشت کرسکتے ہیں لیکن نا انصافی کو برادشت نہیں کریں گے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فلسطینی عوام پر گزشتہ ستر برس سے جاری مظالم اور یمنی عوام کے قتل عام اور ان پر ہونے والے مظالم کیطرف بھی اشارہ کرتے ہوئے فرمایا:

فلسطین اور یمن میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم میں امریکہ، برابر کا شریک ہے۔ امریکہ، اسرائیل اور سعودی عرب کو پیشرفتہ ہتھیار فراہم کررہا ہے اور یمن و فلسطین کا محاصرہ کررکھا ہے اس کے باوجود بے شرمی کے ساتھ، ایران پر الزام عائد کرتا ہےکہ ایران، یمنی مسلمانوں کو ہتھیار فراہم کررہا ہے!!

رہبر نے مزید فرمایا: یمن اور یمن کے مظلوم عوام کی تنصیبات پر روزانہ امریکی اتحادیوں کے ذریعے امریکی ہتھیاروں سے بمباری کی جارہی ہے لیکن امریکی حکومت اس پر خاموش ہے اور اس کو ان مظالم کی کوئی پروا نہیں ہے اور وہ انتہائی بے شرمی کے ساتھ لوہے کے چند ٹکڑے دکھا کر یہ جھوٹا دعوی کرتی ہےکہ ایران یمن کو میزائل فراہم کررہا ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ بین الاقوامی سطح پر مظالم اور برائیوں کےخلاف جدوجہد کرنا اور (سامراجی طاقتوں کو) ذلیل و رسوا کرنا، اسلامی جمہوری نظام کی اصولی پالیسی ہے۔ آج دنیا کی سب سے زیادہ بے رحم اور ظالم حکومت امریکی حکومت ہے یہاں تک کہ یہ حکومت وحشی گروہ داعش سے بھی بدتر ہے۔

آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئےکہ داعش کو امریکا نے ہی بنایا ہے اور موجودہ امریکی صدر نے اپنی انتخابی مہم کے دوران اس کا اعتراف بھی کیا ہے، فرمایا:

امریکیوں نے داعش گروہ کو تشکیل دینے کے ساتھ ساتھ، اس کی ہر طرح سے حمایت کی لیکن امریکی حکومت عالمی سطح پر اپنے پروپیگنڈوں میں انسانی حقوق، مظلوموں اور حتی جانوروں کےحقوق کی حمایت کا دعوی کرتی ہے!! اس لئے ضرورت اس بات کی ہےکہ حقائق کو بیان کرکے انہیں ذلیل و رسوا کیا جائے۔

آپ نے علاقے کے مسائل میں اسلامی جمہوریہ ایران کی استقامت کے ایک نمونے کا بھی ذکر کیا اور فرمایا کہ مغربی ایشیا کے علاقے میں استقامتی محاذ کے بارے میں امریکیوں کی کوشش تھی کہ وہ استقامتی محاذ کا صفایا کردیں لیکن ہم ڈٹے رہے اور اعلان کردیا کہ اس کی اجازت نہیں دیں گے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ آج پوری دنیا پر یہ ثابت ہوگیا ہےکہ امریکا جو چاہتا تھا وہ نہیں ہوسکا اور ہم نے جو چاہا وہ کر دکھایا۔

تبصرے
Loading...