انقلابی اقدار پر ایرانی قوم متحد ہیں

ایران کے دشمن اپنی آرزوؤں کو اپنے ساتھ قبر میں لے جائیں گے / ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں ایران کی ترقی، اسلامی نظام کی بدولت ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای مشہد مقدس میں حضرت امام علی بن موسی الرضا علیہ السلام کے حرم مطہر میں دسیوں ہزار زائرین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا:

اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے ایک بار پھر یہ توفیق عطا فرمائی کہ میں اس روحانی اور ملکوتی بارگاہ میں آپ سے خطاب کروں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا: گذشتہ برس ایران کے عوام نے کچھ اقتصادی مشکلات کے باوجود سیاسی اور انقلابی میدانوں میں شاندار کارنامے رقم کئے اور یوم القدس اور یوم آزادی کے جلوسوں میں تاریخی شرکت کرکے انقلاب سے اپنی وفاداری کا ایک بار پھر بھرپور ثبوت پیش کیا۔

انہوں نے فرمایا: مذہبی اور روحانی اجتماعات اور پروگراموں میں شرکت کے تعلق سے بھی گذشتہ برس ایران کے مومن عوام کی شرکت پہلے سے کہیں زیادہ تھی اور یہ بہت ہی اہم بات ہے۔

آپ نے فرمایا: یوم آزادی کے جلوسوں اور ماہ محرم و صفر کے اجتماعات اور پروگراموں میں ایرانی عوام کی وسیع شرکت، دوست و دشمن دونوں کےلئے اہم پیغام کی حامل ہے اور اس سے دوست و دشمن سب کے سامنے ایرانی عوام نے اپنی شناخت کو منوایا ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا: اس طرح کے اجتماعات میں ایرانی عوام کی وسیع پیمانے پر شرکت اس بات کو ثابت کرتی ہےکہ ایران کے عوام، دین و مذہب کے امور کی پابندی کا معاملہ ہو یا ملک کے سیاسی معاملات اور انقلابی اقدار کی حفاظت کی بات ہو ہر میدان میں پوری طرح متحد ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے ایرانی عوام کے اتحاد اور انقلاب و اسلامی نظام نیز مذہبی امور کی پابندی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے فرمایا: نیا سال بھی اس لحاظ سے بہت ہی اہمیت کا حامل ہے۔

آپ نے اقتصادی مسائل کو ملک کے مسائل میں سرفہرست قرار دیتے ہوئے فرمایا: ضرورت اس بات کی ہےکہ اقتصادی میدان میں سرعت عمل کا مظاہرہ کیا جائے۔ اگر ایران کے عوام کے نقطہ نگاہ سے اقتصادی مسائل سرفہرست ہیں تو دشمن نے بھی ان ہی مسائل کو اپنی ترجیحات میں قرار دے رکھا ہے اور دشمن، ایران کو اقتصادی میدان میں کمزور کرکے عوام اور حکومت کے درمیان فاصلہ پیدا کرنا چاہتا ہے تاکہ وہ اس طرح اپنے مقاصد حاصل کرسکے۔

آپ نے فرمایا: ایران کے نادان اور بے دین دشمن برسوں سے اس میدان میں اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے لیکن وہ اب تک ناکام رہا ہے اور آئندہ بھی اس کو کامیابی حاصل نہیں ہوگی۔

رہبر انقلاب اسلامی نے علمی اور سائنسی میدانوں میں ایرانی نوجوانوں کی کامیابیوں کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا: اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد سے ایران میں علمی ترقی پچیس گنا زیادہ ہوئی ہے۔

آیت اللہ خامنہ ای نے ایران کے عظیم قدرتی ذخائر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: گیس کے ذخائر کے لحاظ سے ایران دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔ دشمن نے بلاوجہ اپنی نظریں ایران پر نہیں جمائی ہیں، دشمن چاہتے ہیں کہ ایران کے قدرتی ذخائر پر تسلط حاصل کرلیں۔

آپ نے فرمایا: البتہ یہ دشمنوں کی پرانی خواہش ہے اور ان کی یہ خواہش کبھی بھی پوری نہیں ہو سکےگی اور وہ اپنی یہ خواہش قبر میں لےکر جائیں گے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے ایران کے آئندہ صدارتی اور بلدیاتی انتخابات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے فرمایا:

میرے لئے جو چیز سب سے زیادہ اہم ہے وہ یہ ہےکہ لوگ زیادہ سے زیادہ پولنگ اسٹیشنوں پر جاکر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں۔

تبصرے
Loading...