2022 - 09 - 29 ساعت :
اسلامی انقلاب

ملت کو مایوس کرنا، دشمن کا بنیادی مقصد

2020-07-10 06

امریکی ظالم و فاسق حکومت کو ہر میدان میں مایوسی نصیب ہوگی، انشاءاللہ۔

آیت اللہ سید علی خامنہ ای رہبر انقلاب نے اسلامی تبلیغات کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا: ایرانی قوم اور اسلامی نظام سے امریکہ کو ہر میدان میں مایوسی نصیب ہوگی اور ماضی کی طرح آئندہ بھی اللہ تعالی کے فضل و کرم سے مجرم امریکہ اور اس کے آلہ کاروں کو ذلیل و خوار کریں گے؛ اگرچہ بعض افراد دانستہ یا نا دانستہ طور پر دشمن کی ہاں میں ہاں ملا رہے ہیں۔

رہبر معظم نے گزشتہ ۴۰ برسوں میں ایرانی قوم اور اسلامی نظام کے خلاف امریکہ کی عداوتوں اور سازشوں کی شکست اور ناکامی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ایرانی قوم مستقبل میں بھی امریکہ کی ناک کو زمین پر رگڑ دےگی اور ایرانی قوم استقامت اور پائداری کے ساتھ ترقی اور پیشرفت کی شاہراہ پر گامزن رہےگی۔

رہبر انقلاب اسلامی نے امریکی حکومت کو دنیا کی بدترین اور فاسد ترین حکومت قرار دیتے ہوئے کہا: امریکہ داعش جیسے خوانخوار تکفیری دہشتگرد درندوں کی حمایت کے علاوہ اسرائیل اور آل سعود جیسے دنیا کے جابر، ظالم ڈیکٹیٹر حکمرانوں کی حمایت کررہا ہے جو یمن کے مظلوم عوام کو خاک وخوں میں غلطاں کررہے ہیں۔

حضرت آیت اللہ نے مزید کہا کہ اسلامی تبلیغات کا سلسلہ مغربی ممالک کے پروپیگنڈے سے بالکل الگ اور جداگانہ ہے؛ مغربی ممالک کے پروپیگنڈے میں جھوٹ اور مکر و فریب کے عناصر بڑی مقدار میں موجود ہوتے ہیں جبکہ اسلامی تعلیمات میں سچائی اور صداقت پر زور دیا جاتا ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی کا کہنا تھا کہ دشمن نے جنگ کے طریقہ کار کو بدل دیا ہے؛ آج استعمار سرد جنگ کے ذریعے شکست دینا چاہتا ہے، ایرانی قوم نے گزشتہ ۴۰ برسوں میں ثابت کردیا ہےکہ نہ وہ کسی پر دھونس جمانا چاہتی ہے اور نہ کسی کی دھونس میں آنا چاہتی ہے، ایرانی قوم نے اپنی استقامت اور پائداری کے ذریعے اسلامی نظام کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔ ہمیں ہر دور میں دشمن کی گھناؤنی سازشوں پر گہری نظر رکھنی چاہیے اور دشمن کی ان سازشوں کو ناکام بنانے کےلئے پہلے سے ہوشیار رہنا چاہیے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران روز افزوں قوت و طاقت کے ساتھ اپنی ترقی و پیشرفت کا راستہ جاری رکھےگا، فرمایا: ترقی وپیشرفت کا یہ عمل اور راستہ امریکا کے موجودہ صدر کے دور میں بھی جاری رہےگا اور اسلامی جمہوریہ ایران کے کمزور ہونے یا میدان سے خارج ہو جانے کا ان کا ارمان کبھی بھی پورا نہیں ہو سکےگا اور مایوسی کا یہ نشان ان کے سینے پر باقی رہےگا۔

قائد انقلاب خامنہ ای نے مزید فرمایا: ایرانی قوم نے دشمن کیطرف سے اقتصادی پابندیوں کے باوجود ہر شعبہ میں خاطر خواہ ترقی اور پیشرفت کا مظاہرہ کیا ہے اور ہم مزاحمتی اقتصادی پالیسیوں پر عمل کرکے اقتصادی میدان میں بھی دشمن کی سازشوں کو ناکام بنا سکتے ہیں۔

آپ نے فرمایا کہ دشمنوں نے روز اول سے ہمیشہ اس بات کا جھوٹا پروپیگنڈہ کیا کہ اسلامی انقلاب اور اسلامی نظام، زیادہ دن تک باقی نہیں رہےگا لیکن آج چالیس سال کا عرصہ گذر جانے کے بعد بھی اسلامی جمہوری نظام اپنی حیات طیبہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس وقت دشمن قومی، قبائلی اور لسانی سطح پر اختلافات پیدا کرکے فتنہ برپا کرنے کی کوشش کررہا ہے لہذا ہمیں باہمی اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ دشمن کی اس ناپاک کوشش کو بھی ناکام بنانا چاہیے۔

شجاعت علی

Loading...
  • ×
    ورود / عضویت