*چہلمِ امامؑ اور عقائدِ امامؑ*

*چہلمِ امامؑ اور عقائدِ امامؑ*

🚩 *نذر حافی*
nazarhaffi@gmail.com

سارا جھگڑا ہی عقائد کا ہے۔ میں اکثر یہ سوچ کر چونک جاتا ہوں کہ کتنے اعلیٰ و ارفع ہیں وہ عقائد کہ جن کو بچانے کیلئے امام حسینؑ قربان ہوگئے۔ ہم یوں تو بڑے اللہ والے ہیں، ہر بات پر ماشااللہ، سبحان اللہ، الحمدللہ، اللہ اکبر کہنے اور ہر کام سے پہلے بسم اللہ الرحمن الرحیم پڑھنے پر بہت زور دیتے ہیں ۔ یہ سب ہونا چاہیے اس سے انکار نہیں لیکن اللہ کے اسم اور بسم اللہ کو سمجھنا بھی تو ضروری ہے۔

امام حسینؑ کےروزِ عاشور پہلے والے خطبے کے دوران شمر نے امامؑ کے بارے میں گستاخی کرتے ہوئے کہا تھا کہ “فَقَالَ لَهُ شِمْرُ بْنُ ذِي الْجَوْشَنِ هُوَ يَعْبُدُ اللَّهَ عَلى‏ حَرْفٍ إِنْ كَانَ يَدْرِي مَا تَقَوَّلَ” یہ اللہ کی عبادت یہ سمجھے بغیر کرتا ہے کہ وہ کیا کہہ رہا ہے۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ شمر کو یہ شعور نہیں تھا کہ میں کس کے بارے میں کیا کہہ رہا ہوں۔لہذا بے شعور انسان اللہ کے کلام اور معصوم امام ؑ کے کلام کو درک نہیں کر سکتا۔

دشتِ بلا میں کتابِ کربلا کے ہر صفحے پر حسینؑ ابنِ علیؑ اپنے خون سے ہمارے لئے یہ پیغام لکھ کر گئے ہیں کہ بسم اللہ کا مطلب یہ ہے کہ انسان ہر کام ایسے کرے کہ اُس کے کام کی بدولت صرف اللہ کا نام باقی رہ جائے۔یعنی انسان اپنے قول و فعل سے، اپنے دل و دماغ سے، اپنے اطراف و کنار سے، اپنے قلب و جوارح سے سوائے اللہ کے نام کے ہر نام کا کتبہ اور ہر نام کی تختی ہٹادے اور مٹا دے۔

دشتِ بلا میں حسینؑ ابن علیؑ نے بسم اللہ کو بچانے کیلئے یعنی اللہ کے نام کی تختی اور کتبے کو باقی رکھنے کیلئے اپنی ذات، اپنے نام، اپنی آل و اولاد،اپنے عزیز و اقارب، اپنا مال و متاع، اور عزت و شرف سب کچھ اپنے ہاتھوں سے مٹا دیا اور قربان کردیا۔ یہ ہے بسم اللہ کا مطلب ،یہ ہے ماشااللہ، سبحان اللہ، الحمدللہ، اللہ اکبر کہنے کا حقیقی مفہوم، یہ ہے خدا پرستی کی حقیقت، یہ ہے توحید کا خالص ہونا، یہ ہے فنا فی اللہ ہونا، یہ ہے دین کی روح، یہ ہے اسلام کا راستہ، یہ ہے ولایت کا جادہ ، یہ ہے عرفان کی معراج اور یہ ہے تصوف کا عروج۔
اگر مجھے اللہ کے نام کے بجائے میرا یا میری برادری، قوم، قبیلے، پارٹی، فرقے، اور گروہ کا نام عزیز ہے تو پھر میں بسم اللہ کو سمجھا ہی نہیں۔ یہاں پہنچ کر میں یہ سوچتا ہوں کہ ہم تو آج تک بسم اللہ پر عمل نہیں کر سکے باقی قرآن مجید کو سمجھنا اور اس پر عمل کرنا تو دور کی بات ہے۔
تمام الِہی ادیان کی اساس اور بنیاد اللہ کی یکتاذات پر ہے۔ اللہ کی یکتاذات پر ایمان کو عقیدہ توحید کہتے ہیں، تمام انبیا ؑو مرسلینؑ توحید کی تبلیغ کیلئے بھیجے گئے اور دینِ اسلام کی شہرت اور شناخت ہی عقیدہ توحید ہے۔ توحید کی مختصر ترین تعریف یہ کی جا سکتی ہے کہ مخلوق کی صفات سے خالق کی ذات کو مبرّی ٰاور منزّہ سمجھنا۔یعنی اللہ اپنی ذات اور صفات میں ہر جہت سے لاشریک ہے۔ کوئی فرشتہ، جِن و انس، نبی یا امام اس کی ذات یا صفات میں ہر گز شریک نہیں ہے۔ کتابِ خدا کا واضح اعلان ہے کہ لَیْسَ کَمِثْلِهِ شَیْءٌ کوئی بھی خدا کی مانند نہیں ہے۔ سورہ شوریٰ کی اس گیارہویں آیت کو بالاتفاق محکمات قرآن میں سے شمار کیاجاتا ہے۔ محکماتِ قرآن میں شمار کرنے کا مطلب یہ ہے کہ جب بھی خدا کی ذات یا کسی صفت کا ذکر ہو گا تو فورا یہ کہا جائے گا کہ اس کی ذات اور صفات کے اعتبار سے لَیْسَ کَمِثْلِهِ شَیْءٌ کوئی بھی اس کی مثل نہیں ہے۔یعنی خدا کی ذات اور صفات کو ہمیشہ اس آیت کی طرف ارجاع دیا جائے گا۔ 👇🏴
https://b2n.ir/r28506
🚩👇
اسی طرح سورہ توحید میں بیان ہوا ہے کہ خدا یکتا ہے، صمد ہے، اس نے کسی سے نہ جنم لیا اور نہ کسی کو جنم دیا ہے اور کوئی اس کا ہمسر و ہم پلّہ نہیں ہے۔جس طرح قرآن نےخدا کی مانند کسی کو نہیں مانا اسی طرح متعدد مقامات پر لا شَريكَ لَه کہہ کر یہ بھی بتایا ہے کہ اُس کا شریک بھی کوئی نہیں ہے۔ پس نہ خدا کی مانند کوئی ہے اور نہ ہی اس کا شریک کوئی ہے۔
احادیث میں بھی یہ تاکید کی گئی ہے کہ
فَکُلُّ مَا فِی الْخَلْقِ لَا یُوجَدُ فِی خَالِقِهِ وَ کُلُّ مَا یُمْکِنُ فِیهِ یَمْتَنِعُ مِنْ صَانِعِه
مخلوق کی کوئی بھی صفت خالق میں نہیں پائی جاتی ، اور ہر وہ شئے جو مخلوق کیلئے ممکن ہے وہ خالق کیلئے ممتنع ہے
اسی مفہوم کو امام رضاؑ نے یوں بیان کیا ہے کہ مَنْ شَبَّهَ اللَّهَ بِخَلْقِهِ فَهُوَ مُشْرِک جس نے اللہ کو مخلوق سے تشبیہ دی وہ مشرک ہے۔
حضرت امام حسین ؑ نے دعائے عرفہ میں بار بار لا اِلهَ اِلاّ اَنْتَ سُبْحانَکَ کو دہرایا ہے۔ سبحان جو کہ خدا کے ناموں میں سے ایک نام ہے ، اس نام کا تکرار بے شمار دعاوں میں کیا گیا ہے اور اس کا مطلب خدا کو مخلوق کی صفات سے منزّہ اور پاک سمجھنا ہے۔
قرآن مجید کے مطابق سبحان ہی اللہ تعالی کا وہ نام ہے جس سے حضرت یونس ؑ نےتاریکی میں خدا کو پکارا تھا۔
فَنَادَیٰ فِی الظُّلُمَاتِ أَنْ لَا إِلَٰهَ إِلَّا أَنْتَ سُبْحَانَکَ إِنِّی کُنْتُ مِنَ الظَّالِمِینَ
اور امام حسینؑ نے بھی اسی اسم کے ساتھ خدا وندِ عالم کو دعائے عرفہ میں بار بار پکارا ہے،دعائے عرفہ سے ایک اقتباس ملاحظہ فرمائیے:
لا اِلهَ اِلاّ اَنْتَ سُبْحانَکَ اِنّی کُنْتُ مِنَ الْمُسْتَغْفِرینَ لا اِلهَ اِلاّ اَنْتَ سُبْحانَکَ اِنّی کُنْتُ مِنَ الْمُوَحِّدینَ لا اِلهَ اِلاّ اَنْتَ سُبْحانَکَ اِنّی کُنْتُ مِنَ الْخاَّئِفینَ لا اِلهَ اِلاّ اَنتَ سبحانکَ اِنی کنتُ منَ الْوَجلینَ لا اِلهَ اِلاّ اَنْتَ سُبْحانَکَ اِنّی کُنْتُ مِنَ الرَّاجینَ لا اِلهَ اِلاّ اَنْتَ سُبْحانَکَ اِنّی کُنْتُ مِنَ الرّاغِبینَ لا اِلهَ اِلاّ اَنْتَ سُبْحانَکَ اِنّی کُنْتُ مِنَ الْمُهَلِّلینَ لا اِلهَ اِلاّ اَنتَ سبحانکَ اِنی کنتُ من الساَّئِلینَ لا اِلهَ اِلاّ اَنْتَ سُبْحانَکَ اِنّی کُنْتُ مِنَ الْمُسَبِّحینَ لا اِلهَ اِلاّ اَنْتَ سُبْح انَکَ اِنّی کُنْتُ مِنَ الْمُکَبِّرینَ لااِلهَاِلاّ اَنْتَ سُبْحانَکَ رَبّی وَرَبُّ اباَّئِیَ الاَْوَّلینَ
داستانِ کربلا کا خلاصہ یہ ہے کہ حضرت امام حسین ؑ نے اپنا سب کچھ قربان کر کے توحید کو بچایا تھا۔ جب توحید بچ گئی تو اس کے ضمن میں نبوّت، امامت، قیامت یہ سب عقائد بھی بچ گئے۔یہی وجہ ہے کہ جب امام سجادؑ سےکسی طنز کرنے والے نے کہا کہ اب بتائیے کہ فاتح کون ہے؟
تو امام ؑ نے فوراً برجستہ جواب دیا : إِذَا أَرَدْتَ أَنْ تَعْلَمَ مَنْ غَلَبَ، وَ دَخَلَ وَقْتُ الصَّلَاةِ، فَأَذِّنْ ثُمَّ أَقِم
اگر جاننا چاہتے ہو کہ کون غالب آیا تونماز کا وقت ہونے دو پھر اذان اور اقامت کہنا
یہ تو ہم جانتے ہی ہیں کہ اذان و اقامت میں اسلامی عقائد کو ہی تو دہرایا جاتا ہے۔ یعنی جب اذان ہوتی ہے تودر اصل اسلامی عقائد کی زندگی کا اعلان کیا جاتا ہے۔ آج ہمیں بھی ضرورت ہے کہ ہم چہلمِ امام ؑ کے روز امام ؑکی قبرِ مطہر کی طرف چلتے ہوئے اور آپ کی عزاداری کے جلوسوں میں حضرت امام حسینؑ سے خدا کی معرفت اورتوحید سیکھیں۔ کربلا کا عملی درس یہی ہے کہ اگر ہم نے عقیدہِ توحید کو بچا لیا تو ہمارے سارے عقائدبچ جائیں گے ۔

تبصرے
Loading...